پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے لیجنڈ اداکار ندیم بیگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقیقی سُپر اسٹارز کو بھی یاد رکھیں، ضروری نہیں کہ ان کے مرنے کے بعد ہی تصویریں شیئر کی جائیں۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر پاکستان کے لیجنڈری اداکار و پروڈیوسر ندیم بیگ کی درازی عمر کی دعا کرتے ہوئے ایک فکر انگیز پیغام شیئر کیا ہے جسے ساتھی فنکاروں کی جانب سے بھی خوب سراہا جارہا ہے۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ندیم بیگ کو پاکستان کے لیے دی گئیں خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ضروری نہیں کہ ہم صرف اُن فنکاروں کی ہی تصویریں لگائیں جو اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ہم اپنے لیجنڈز اور حقیقی سُپر اسٹار کو اُن کی زندگی میں بھی یاد کرسکتے ہیں اور ان کی درازی عمر کی دعا کرسکتے ہیں۔
یاسر حسین نے ندیم بیگ کی خدمات کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ندیم بیگ نے1967 سے اب تک 200 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے، اللّہ تعالیٰ انہیں سلامت رکھے۔
اُنہوں نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ’اوور ہیروز‘، ’ندیم صاحب‘ کا بھی اضافہ کیا۔
یاسر حسین کی اِس پوسٹ پر ہمایوں سعید نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارے واہ واہ کیا بات ہے آپ کی بھائی، میں آپ کو مان گیا ہوں، بلاشبہ ندیم ہمارے سُپر اسٹار ہیں۔‘
اداکارہ سونیا حسین نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’ خُدا ندیم صاحب کو لمبی عُمر دے آمین۔‘
اداکار سمیع خان نے بھی یاسر حسین کی پوسٹ پر ’آمین‘ کا کمنٹ کیا۔
واضح رہے کہ ندیم بیگ کی لازوال اور سُپرہٹ فلموں کی فہرست میں ’اناڑی، پہچان، لاجواب اور قربانی، دہلیز، سہرے کے پھول، جب جب پھول کھلے، زندگی اور بھول‘شامل ہیں۔