اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل اس وقت تک شام میں آپریشن جاری رکھے گا جب تک ایران وہاں سے نہیں نکل جاتا۔
مقامی ٹی وی کو انٹرویو میں اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کو شام چھوڑنا پڑے گا، کورونا اور گرتی معیشت پہلے ہی ایرانیوں کےلئے کافی پریشانی کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی شامیوں کے لیے ایک اثاثہ ہوا کرتا تھا لیکن اب یہ ایک بوجھ بن چکا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نےشام کے صدر بشارالاسد کی حمایت میں ایران کی شام میں موجودگی کو خطرہ قرار دیا ہے اور الزام عائد کیا کہ ایران اسرائیل کے ساتھ سرحد پر خود کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ تل ابیب، یروشلم اور حیفہ کے لیے خطرہ بنا جا سکے۔
اسرائیلی افواج نے گزشتہ روز شام میں حزب اللہ اور ان کے اتحادیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں 14 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔