• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر انکوائری کمیشن: وزیراعلیٰ پنجاب نے بیان ریکارڈ کرادیا

شوگر انکوائری کمیشن: وزیراعلیٰ پنجاب نے بیان ریکارڈ کرادیا


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شوگر انکوائری کمیشن میں بیان ریکارڈ کرادیا۔

شوگر تحقیقاتی کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چینی پر ملوں کو دی گئی 3 ارب کی سبسڈی دینے کے معاملے پر بلایا تھا۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے چینی کمیشن کے سربراہ واجد ضیا کے روبرو پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے ساتھ سوالات کے جوابات بھی دیے۔

ذرائع کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کے فیصلے اور محکمہ خوراک میں افسران کی تبدیلیوں کے پس منظر سے بھی کمیشن کو آگاہ کیا۔

چینی تحقیقاتی کمیشن رپورٹ کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے

گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر بھی شوگر کمیشن کے روبرو پیش ہوئے تھے ،انہوں نے ای سی سی کے فیصلوں کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا تھا کہ میں نے خود کہا تھا کہ میں چینی کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہتا ہوں، وزیراعظم چینی کمیشن کو جواب دہ نہیں ہیں۔

انہو ں نے مزید کہا کہ ای سی سی کا چیئرمین تھا، اسی حیثیت میں جواب دینے آیا، کمیشن نے مجھ سے سوالات پوچھے، جس کے جوابات میں نے دیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان قوم کو ناامید نہیں کریں گے، میرے علم میں کمیشن کی توسیع سے متعلق کوئی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چند دن میں چینی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ آجائے گی جس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو محفوظ ہوں گے، جس طرح کل لوگوں کو دیکھا یہ بے احتیاطی ٹھیک نہیں، مشورہ ہے کہ عوام اپنے اور اپنی فیملی کےلیے احتیاط کریں۔

تازہ ترین