تہران(جنگ نیوز)ایران نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے اور منگل سے ملک بھر میں تمام مساجد کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے اسلامی ترقیاتی تنظیم کے ڈائریکٹر محمد قُمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ مساجد کو کھولنے کا فیصلہ وزارت صحت کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ ایرانی حکومت کے اس اعلان سے ایک روز قبل ہی صوبہ خوزستان میں کرونا وائرس کے نئے کیس سامنے آئے ہیں۔نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق خوزستان کے ایک علاقے میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔اس نے صوبائی گورنر کے حوالے سے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہو گیاہے۔گزشتہ جمعہ کو ایران کے قریباً180 شہروں اور قصبوں میں نمازجمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے تھے۔تاہم دارالحکومت تہران اور بعض دوسرے شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر بدستور پابندی عائد ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے اتوار کو آیندہ ہفتے سے اسکول دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔قبل ازیں ایرانی شہروں کے درمیان سفر پر عاید پابندی بھی ختم کی جاچکی ہے اور بڑے خریداری مراکز اور شاپنگ مالوں میں کاروباری سرگرمیاں بحال کی جارہی ہیں۔ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے 45 اموات ہوئی ہیں۔ملک میں اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6685 ہوگئی ہے جبکہ اس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 109286 ہوگئی ہے۔