• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکش ڈرامے کے چرچے، ہمارے فنکاروں کا کیا ہوگا؟

وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر نشر کیے جانے والے شہرہ آفاق ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چل رہی ہے کہ اگر ترکش ڈرامے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے جائیں گے تو ہمارے فنکاروں کا کیا ہوگا؟

اس بحث میں کئی نامور اداکار اور اداکارائیں شامل ہیں، کوئی اس ڈرامے کی حمایت میں بولتا نظر آرہا ہے تو کوئی اس کی مخالفت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اسی حوالے سے ملیحہ رحمان نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔


فیشن اینڈ لائف اسٹائل جرنلسٹ ملیحہ رحمان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ترک ڈراما ’ارطغرل غازی‘ سے متعلق اپنے طویل پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ انسٹاگرام پر ارطغرل کے حوالے سے ہونے والی بحث کہ (ارطغرل کو سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جانا چاہیے یا نہیں) کے بارے میں نہیں جانتے تو اب جان جائیے۔

ملیحہ رحمان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ نامور اداکار شان شاہد ارطغرل کے بارے میں کہتے ہیں کہ سرکاری چینل جو کہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے چل رہا ہے اس پر غیر ملکی ڈرامے نہیں بلکہ مقامی ڈرامے نشر کیے جانے کی ضرورت ہے۔

میزبان و اداکار یاسر حسین نے بھی ’ارطغرل غازی‘ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ترکش اداکاروں اور ڈراموں نے پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے پاکستانی ڈراموں کا وقت لے لیا ہے، جس سے ہمارے مقامی فنکاروں کی آمدنی میں کمی ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اداکارہ منشا پاشا نے ترک ڈرامے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے غیر ملکی ڈراموں کی طرح شاندار اس لیے نہیں ہوتے کیونکہ ہمارے پروڈیوسرز کو حکومت سپورٹ نہیں کرتی جبکہ دیگر ممالک میں حکومت انہیں سپورٹ کرتی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بہترین ڈرامے بنانے کے لیے حکومت کی مدد ضروری ہے۔

معروف اداکارعثمان خالد بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جو ترکش ڈرامے نشر کیے جارہے ہیں اس سے مقامی ڈبنگ فنکاروں کی آمدنی میں اضافہ ہوگااور اُمید ہے کہ اس ڈرامے کی نشریات سے حاصل ہونے والی رقم ارطغرل جیسے پاکستانی ڈرامے بنانے کے لیے استعمال کی جائے۔

اس کے علاوہ احمد علی بٹ نے بھی ارطغرل غازی سے متعلق اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ترکش ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کو بہت شوق سے دیکھ رہے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ پاکستان میں بھی ایسے ڈرامے بنائے جائیں۔

ملیحہ رحمان نےاپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ مجھے نہیں لگتا یہ بحث یہاں ختم ہوگئی ہے، پاکستان میں ارطغرل غازی نے یوٹیوب پر تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں، اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈرامہ بن گیا ہے۔

ملیحہ رحمان نے لکھا کہ کیا میں مستقبل میں ارطغرل غازی کی ہیروئن حلیمہ سلطان کو ہمارے صابن ، کپڑوں اور شیمپو کے اشتہارات میں بھی دیکھ رہی ہوں؟ 

تازہ ترین