یوسف صدیقی
نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہو تے ہیں ۔کوئی بھی مہذب قوم اپنی تہذیب وتمد ن اور ثقافت و روایات کی امانت کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے اپنی نوجوان نسل کی درست زاویوں پر تربیت کر تی ہے ۔ ساری دنیا میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جلا ء بخشنے کے لیے کھیل کے میدانوں کوآبادکرنے سے لے کر تعلیم و تربیت کے اداروں قیام تک بہت سے مثبت اقدامات کئے جاتے ہیں۔
مغربی ملکوں کی حکومتیں نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر بھاری سرمایہ کاری کرتی ہیں،وہاں پر حکومتی پالیسی ساز کسی بھی پالیسی کو تشکیل دِیتے وقت اِس میں نوجوانوں کے مفادات کو مقدم رکھتے ہیں۔مغرب میں جہاں نوجوانوں کوروزگار آسانی سے مل جاتا ہے ،وہی پر بے روزگارنوجوانوں کو وظیفہ بھی دِیا جاتا ہے ۔کیونکہ وہ لوگ نوجوان نسل کی قدر جانتے ہیں ،لیکن پاکستان میں تاریخ کا پہیہ اُلٹا گھمایا جا رہا ہے ۔اس ملک میں نوجوانوں کے لیے کوئی نوکری دستیاب نہیں ہے ۔
’تجربے ‘اور’ مقابلے ‘کی فضا میں ہمارے نوجوان نہ صرف مستقبل سے مایوس ہو چکے ہیں ،بلکہ ان میں سوچنے کی صلاحیتیں بھی ختم ہوتی جارہی ہیں۔پاکستان کی کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔اِ س وقت ہمارے ہاں بے روز گار نسل کی ایک ’فوج‘تیار ہو چکی ہے ۔ حکومت کے محکموں میں نوکری حاصل کرنا تو ایک خواب ہے ہی لیکن نجی شعبے میں بھی رشوت ،سفارش اور دیگر ناجائزذرائع استعمال کیے بغیر ملازمت حاصل کرنا بہت مشکل ہو چکا ہے۔ نوجوان اِس وقت ’درجہ چہارم‘ کی ملازمت کے لیے بھی مارے مارے پھر رہے ہیں ،مگر افسوس کہ ان کی اس چھوٹی سی ملازمت میں بھی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
سرمایہ دارانہ نظام میں غریب آدمی کی زندگی تو پہلے ہی اجیرن تھی ،لیکن اَب مڈل کلا س کا طبقہ بھی انتہائی تیزی سے ’معاشی پستی‘ کا شکار ہو رہا ہے ۔نوجوان طبقہ تعلیم حاصل کر نے کے بعدبہت سے مسائل کاشکارہونے کے ساتھ ساتھ خود سے نفسیاتی جنگ بھی لڑ رہا ہے کہ آخر کیوں اسے ناکردہ جرم کی سزا دِ ی جا رہی ہے ۔دوسری دنیا میں حکومتوں کی طرف سے روزگارکے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں جبکہ ہماری حکومت ’نجکاری ‘ کے ذریعے پہلے سے قائم ملازمتیں ختم کر رہی ہے۔بے روز گار نوجوان ہمارے حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ یہ کیسی دانش مندی ہے کہ آپ سرمایہ پرستوں کے سرمائے میں اضافے کے لیے بینکوں،محکموں اور ملوں کی نجکاری کر کے لوگوں کو بے روزگار کرنے پر تُل گئے ہیں۔بیروزگار نوجوانوں کی زندگی کا المیہ یہی نہیں کہ یہ لوگ’ بے روز گار‘ ہیں ،بلکہ اس سے بڑھ کریہ کہ پیداواری صلاحیتوں کے عروج کے دور میںیہ لوگ دوسروں کے محتاج اور ملکی معیشت پربہت بھاری بوجھ بن چکے ہیں ۔
گھر والوں کی طرف سے نوجوانوں پر دباؤ ہو تا ہے کہ وہ پیسے کماکر لائیں تاکہ گھر کا چولہا جلے، جب وہ مارکیٹ میں جاتے ہیں تو کوئی ایسا کام نہیں ملتا جو نوجوانوں کے معیار کا ہواگر کوئی ایسا کام مل جائے جو اِن کے معیار کا ہو تو صنعتکار اور سرمایہ دار اُسے کام پر رکھنے کے لیے سفارش یا پھر رشوت کا’مرثیہ ‘ سناتے ہیں ۔اکثر ایسا’ذہنی محنت‘ کے شعبوں میں ہو تا ہے۔
دوسری طرف بے روزگارنوجوان کہیں انسانیت کے دشمنوں کے ہاتھوں غلط استعمال ہو رہے ہیں، تو کہیں نشے جیسی بری عادت کا شکار ہو کر زندگی کی ذمہ داریوں سے فرار حاصل کر رہے ہیں۔ان نوجوانوں کی غلط سوسائٹی میں جانے سے معاشرے میں جرائم کی رفتار بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔بہت سے نوجوان دہشت گردوں کے آلہ کار یا سہولت کار بن کر ملک میں افراتفری پھیلانے والوں میں شامل ہو رہے ہیںاورہمارے حکمران بھی تو نہیں چاہتے کہ پاکستان میں لوگ شعور کی تدریجی ترقی کی منازل طے کرے ۔
ہمارے حکمرانوں نے تعلیم کو اتنا مہنگا بنا دیا ہے کہ عام آدمی اپنے بچے کو اعلی تعلیم نہیں دِلوا سکتا اور جو لوگ اپنی زندگی کی جمع پونجی اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کر دیتے ہیں وہ ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر سڑکوں پر پھر رہے ہیں ۔فرسودہ نظام کے نمائندہ ذہنی طور پر مفلوج حکمرانوں نے قوم کو ذہنی و نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دِیا ہے۔بعض لوگ نفسیاتی طور پر تعلیم کو ’بے کار ‘سمجھنے لگے وہ اپنے بچوں کواسکو ل بھیجنا گوارا نہیں کر تے وہ اِنہیں چھوٹی عمر میں محنت مزدوری پر لگا دیتے ہیں کیونکہ وہ اس حقیقت سے آشنا ہیں کہ پڑھ لکھ کر بھی سوائے ’’بیروزگاری‘‘کے کچھ ہاتھ نہیں آتا ۔
سیاسی جماعتیں ہر روز نئے سے نئے سیاسی مسئلے پر بیان بازی کرتیں ہیں ۔پریس کانفرنسوں،جلسوں،مظاہروں اوردھرنوں کا لامتناہی سلسلہ سال کے بارہ مہینوں میں جاری رہتاہے ،لیکن آج تک نوجوانوں کے مسائل خاص طور پر’’ بے روزگاری‘‘ جیسا مسئلہ ان کی توجہ نہیں حاصل کر سکا ۔ہر کوئی لیڈراپنی باری کے انتظار میں اور اپنے مفاد کو پورا کر نے لیے سیاست کر رہا ہے۔ہم لوگ ووٹ دیتے وقت یہ نہیں سوچتے کہ یہ آدمی ہماری قیادت کے قابل ہے کہ نہیں؟ہم ووٹ دیتے وقت برادری ،سرمایہ داری اور دیگر ایسے اوصاف دیکھتے ہیں ۔ایسی متعصبانہ عادات کسی بھی قوم کے لیے سمِ قاتل ہیں ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں چاہیے کہ لوگوں میں سیاسی شعور پیدا کریں تاکہ لوگ ووٹ کا درست استعمال کر تے ہوئے پاکستان کو سرمایہ پرستوں کے چنگل سے نکال کر ایک ایسی سیاست کی بنیاد رکھیں جس کے ذریعے منتخب ہونے والے لوگوں کی حکومت میں تمام انسانوں کوبلاتفریق اِن کی قابلیت کے مطابق روزگار ملے اوروہ حکومت سرمایہ دارانہ نظام سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھےاور اُس معاشر ے میں ضمیر فروشی،بے ایمانی ،ہیراپھیری ،دھوکا دِہی اور فریب نام کی کوئی چیز نہ ہو !!!!