• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیڈسٹو کے قریب ڈوم بار میں کمسن بچی سمیت2افراد ڈوب کرہلاک

لندن (پی اے) پیڈسٹو کے قریب ڈوم بار میں کشتی ڈوبنے سے ایک کمسن بچی سمیت2افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ کارن وال کے ساحل پر ان لوگوں کو سمندر سے نکالا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کشتی کے اس حادثے میں ایک لڑکی سمیت 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ایک دوسرے واقعے میں آراین ایل آئی کے ایک آف ڈیوٹی لائف گارڈ نے کانسٹنٹائن کے قریب سمندر سے ایک شخص کو نکال لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوکل ایمرجنسی سروسز کیلئے یہ بہت کڑا دن تھا۔ 2 افراد کے ڈوب کر ہلاک ہونے کا یہ واقعہ بینک ہالی ڈے کے موقع پر پیش آنے والے متعدد واقعات میں سے ایک تھا۔ یہ واقعہ مارچ میں کورونا وائرس کی وبا کے سبب برطانوی ساحلوں پر آر این ایل آئی کی جانب سے گشت معطل کئے جانے کے بعد رونما ہوا ہے۔ چیف انسپکٹر عیان تھومپسن کا کہنا ہے کہ یہ بہت پریشان صورت حال اور ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ڈوب کر ہلاک ہونے والی لڑکی کو سمندر سے نکال کر ایئر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی جبکہ ڈوبنے والا شخص موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ ایک دوسرے واقعے میں ایک شخص کو نازک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔ اسے پورتھ ٹووان میں سمندر سے اس طرح نکالا گیا تھا کہ اس کا منہ نیچے کی جانب تھا۔ سرف میگزین کارو کے اسٹیو انگلینڈ، جو اس مقام پر سرفنگ کررہے تھے، کا کہنا ہے کہ انھوں نے دوسروں کی مدد سے اس شخص کو پانی سے نکالا اور کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر اور لائف بوٹ کا انتظار کرتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ساحل پرکوئی لائف گارڈ ہوتا تو ہم متوفی کو2منٹ میں آکسیجن لگا سکتے تھے لیکن ہمیں 20 منٹ انتظار کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ دوسرے واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا سے ملی، جس کے مطابق اتوار کو  کئی سرفر پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے تھے۔ آراین ایل آئی کا کہنا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں فون کالز پر کارروائی کررہا ہے۔ اس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پانی میں اترتے ہوئےحفاظتی مشوروں پر عمل کریں۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایک لائف گارڈ سروس حاصل کرنے اور ممکنہ حد تک جلد از جلد اس کے کام شروع کرانے کی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن ہمارے لائف گارڈز اور عوام کیلئے محفوظ بات یہی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے دوران محتاط رہیں، کیونکہ کورونا کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ اس رفاہی ادارے نے اس موسم گرما کے دوران معمول کے مطابق 240کے بجائے صرف 70 ساحلوں پر پیٹرولنگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
تازہ ترین