• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندگی اور بدبو کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور شہری سراپا احتجاج

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے رنگ روڈ پشاور پر واقع اراضی جو کہ پہلے بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے لئے مختص کی گئی تھی کو کوڑا کرکٹ کے لئے ڈمپنگ سائٹ میں تبدیل کرنے پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے اس اقدام سے پورے علاقے میں بدبو و تعفن پھیلا رہی ہے جس کے باعث مختلف قسم کی بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ مذکورہ کوڑا کرکٹ ڈمپنگ سائٹ کے قریب کمرشل سنٹر ز‘ شاپنگ مالز‘ شو رومز‘ پٹرول پمپز‘ بس سٹاپ سمیت سیر و تفریح کیلئے ایک پارک بھی واقع ہے اور انتہائی گندگی اور بدبو کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور شہری سراپا احتجاج ہیں اور اس ڈمپنگ سائٹ کو فوری طور پر شفٹ کرنے کا مطالبہ کرر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر کا کوڑا کرکٹ لاکر کمرشل مارکیٹوں‘ شاپنگ سنٹرز اور رہائشی آبادی والے علاقے میں جمع کرنا قابل مذمت ہے اور کاروباری حضرات اور علاقہ مکینوں میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات کامران بنگش‘ سیکرٹری بلدیات اور ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مطالبہ کیا کہ رنگ روڈ پر واقع مذکورہ کوڑا کرکٹ سائٹ کو فوری طور پر شفٹ کرنے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں بصورت دیگر علاقہ مکین بھرپور احتجاج پر مجبور ہوگی اور تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین