• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرٹھ میں بندر کورونا کے مریضوں کے خون کے نمونے چھین کر فرار

میرٹھ میں بندر کورونا کے مریضوں کے خون کے نمونے چھین کر فرار  


کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں بندروں کے ایک جھنڈ ہیلتھ ورکر پر حملہ کرکے اس کے پاس موجود کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے خون کے نمونے چھین کر فرار ہوگئے جس کے بعد بندروں کی وجہ سے مقامی آبادی میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق، دہلی کے قریب میرٹھ کے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے میں خون کے نمونے چھین کر فرار ہوتے ہوئے بندر درختوں پر چڑھ گئے اور لوٹ کا مال چبانے کی کوشش کی۔ میرٹھ میڈیکل کالج کے سپرنٹنڈنٹ دھیرج راج نے اے ایف پی کو بتایا کہ سیمپل باکس قریب ہی علاقے سے مل گیا، بندر اس باکس کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا پائے۔ واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ کالج کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر ایس کے گرَج نے کہا کہ بندروں نے کورونا کے زیر علاج 4؍ مریضوں کے خون کے نمونے چھینے اور بھاگ گئے، جس کے بعد ہمیں ان مریضوں کے نمونے دوبارہ لینے پڑے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں کہ بندروں نے وہ نمونے کہیں گرا دیے یا نہیں تاہم کالج کیمپس میں مقیم لوگوں کو ڈر ہے کہ اگر بندر یہ نمونے رہائشی علاقوں میں لے کر چلے گئے تو اس سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر ایس کے گرَج نے کہا کہ یہ بات اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے کہ اگر یہ بندر متاثرہ خون سے تعلق میں آئیں گے تو ان میں وائرس منتقل ہوگا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک بندروں میں وائرس کی منتقلی کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔

تازہ ترین