• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس او پیز کے تحت روزگار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے،شکیلہ نوید

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ حکومت مزدور پیشہ افراد پر روزگار کے دروازے بند کرنے کی بجائے انہیں ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے اپنا روزگار جاری رکھنے کی اجازت دے ۔ حکومتی سطح پر ہونے والے ریلیف پروگرامز میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھ کر سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو نوازنے کی بجائے صوبے میں حقیقی مستحقین کی داد رسی کی جائے ۔ جمعہ کو ایک ویڈیو پیغام میں رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نےکہا ہے کہ تعلیم یافتہ لوگ اپنے گھروں میں محدود پیمانہ پر کلاسز کا آغاز کرکے بچوں کو تعلیم دیں اور قریبی آبادیوں میں کورونا سے متعلق شعور اجاگر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے پوری دنیا میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے لوگوں میں وباء سے متعلق خوف وہراس پایا جاتا ہے صوبے میں تمام سیاسی و سماجی رابطے منقطع ہوکر رہ گئے ہیں تعلیمی اداروں کی بندش سے والدین کو بچوں کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے تاہم ایسے میں ہمیں چاہیے کہ اس مرض سے متاثر ہوکر خدانخواستہ وینٹی لیٹر پر جانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود سمیت اپنے خاندان کے دیگر افراد کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بلوچستان نیشنل پارٹی نے دردوار کے پلیٹ فارم سے صوبے کے غریب اور نادار افراد کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ 
تازہ ترین