• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہفتے میں 5 دن کاروباری سرگرمیاں ہوں گی، اجمل وزیر

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے میں 5 دن کاروباری سرگرمیاں ہوں گی، ہفتے اور اتوار کو کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔

اجمل وزیر نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز اور اشیاء ضروریہ کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی جبکہ باقی دکانیں اور مارکیٹیں شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ منیر اورکزئی بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کے محاصل کا بڑا حصہ وفاق سے آتا ہے اور زیادہ اخراجات مالی سال کے آخری ماہ میں ہوتے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں، کورونا سے بچاؤ صرف احتیاط ہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹیں ایس او پیز کے ساتھ کھلیں گے، اورسیز پاکستان کو وطن واپس لائیں گے درپیش دشواریاں ختم کی جائیں گی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا پر مشکل وقت ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا کے ساتھ رہ کر کاروبار، معیشت اور غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی صورت حال میں احتیاط کے  سوا کوئی آپشن نہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ کورونا وباء کو ہم ان کے لیے شلٹر نہیں بننے دیں گے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا وبا کا مطلب یہ نہیں کہ اربوں روپے کرپشن کے معاملے پر مٹی پاؤ، جو ملک سے باہر پیسہ لے کر گئے ہیں اس مشکل وقت میں پیسہ واپس ملک لیکر آتے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام سے ذرہ برابر بھی ہمدردی ہے تو یہ پیسہ وطن لائیں تاکہ عوام پر خرچ ہو۔

اجمل وزیر نے کہا کہ اگر انہیں ہمدردی ہے تو وہ پیسہ واپس لائیں تاکہ ان غریبوں کا بھلا ہوسکے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ معیشت بھی چلے گی اور ملک میں احتساب بھی ہوگا۔

تازہ ترین