• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوویڈ 19 سے بی اے ایم ای افراد کی اموات کا ریویو شائع کیا جائے، سٹارمر

لندن (پی اے) لیبر لیڈر کیئر سٹارمر نے کورونا وائرس کوویڈ 19سے بلیک ایشین اینڈ منارٹی ایتھنک (بی اے ایم ای) افراد کی اموات پر ریویو کی اشاعت کا مطالبہ کر دیا۔ دی پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے گزشتہ ماہ ریویو کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد یہ تجزیہ کرنا تھا کہ کوویڈ 19 سے اموات میں لوگوں کی صحت پر نسل جیسے عوامل کس طرح اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ آفس فار نیشنل سٹیٹکس (او این ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق سفید فام افراد کے مقابلے میں کورونا وائرس کوویڈ 19 سے متاثر ہو کر ہلاک ہونے والے سیاہ فام مردوں اور عورتوں کی تعداد چار گنا ہے۔ لیبر سربراہ سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ اس حوالے سے ریویو شائع اور بی اے ایم ای کمیونٹیز پر غیر متناسب اثرات کو دور کرنے کیلئے فوری ایکشن لیا جانا چاہئے۔ حکام نے ریویو کے نتائج رواں ہفتے شائع کرنے پر اصرار کرتےہوئے ان دعوئوں کی تردید کی کہ امریکہ میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے پیدا تناؤ کے باعث رپورٹ میں تاخیر کی گئی۔ اس جائزے کو مئی کے آخر تک شائع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ سکائی نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ ریویو کو بدھ تک اشاعت سے روک دیا گیا ہے کیونکہ وہ اشاعت کیلئے تیار نہیں تھا۔ سکائی نیوز کے مطابق مسٹر فلائیڈ کی ہلاکت پر امریکہ میں جاری مظاہروں کے دوران اس ریویو کی اشاعت نے بھی ریویو کے نتائج کو وقت پر جاری نہ کرنے میں کردار ادا کیا۔ ڈپارٹمنٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر کے ترجمان نے اس کیس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ منسٹرز کو ابتدائی نتائج گزشتہ روز موصول ہوئے تھے ان پر سرعت کے ساتھ غور ہو رہا ہے اور رواں ہفتے ایک رپورٹ شائع کر دی جائے گی۔ یہ کہنا درست نہیں کہ جاری گلوبل ایونٹس کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔ لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ کوویڈ 19 سے بی اے ایم ای کمیونٹیز غیر متناسب طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔ ہمیں اس ریویو کے نتائج شائع کرنے کی ضرورت ہے اور اب ایکشن لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہانے بنانا بند کریں اور ریویو شائع کریں۔
تازہ ترین