سال 2025ء کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے پرائس کنٹرول، انسدادِ گداگری، انسداد ڈینگی و دیگر کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق مہنگی اشیاء خور و نوش بیچنے پر 6 ہزار 814 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 472 دکانیں بھی سیل کیں۔
سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری نرخ نامہ کی خلاف ورزی پر 47 لاکھ 77 ہزار 510 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
شہر بھر سے 1 ہزار 795 پیشہ ور بھکاری حوالات منتقل کیے گئے اور مہنگی ایل پی جی بیچنے پر 193 دکانیں سیل جبکہ 216 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ضلعی انتظامہ اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق مہنگا یا پیمانے سے کم پیٹرول بیچنے پر 14 پیٹرول پمپ سیل اور 6 لاکھ 85 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح رہائشی علاقوں میں قائم 86 پیٹرول ایجنسیاں سیل اور 86 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، 54 انڈور شیشہ کیفے سیل کر کے 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد جبکہ 130 کو پرمٹ جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 9 ہزار 617 غیرقانونی غیرملکی شہریوں کا انخلا یقینی بنایا گیا، سال 2025 میں ضلعی انتظامیہ انسداد تجاوزات، ڈینگی، پولیو سمیت دیگر مہمات کا حصہ رہی۔
شہر کو محفوظ بنانے کے لیے گاڑیوں کو ایم ٹیگ لگانے کی مہم بھی جاری رہی، شہر کو محفوظ بنانے کے لیے سال 2025ء میں شروع کیا گیا ہاؤس ہولڈ سروے بھی جاری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2025ء میں شہریوں کو بہترین خدمات پر ڈی سی اسلام آباد کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
ڈی سی عرفان میمن کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔