• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی مختلف بارز کاعدالتیں کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کامطالبہ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) عید کے بعد کورونا وائرس سے ریکارڈ اموات اور نئے کیسز میں غیرمتوقع اضافے کے بعد پنجاب کی مختلف بارز نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر یکم جون سے عدالتیں کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے، گوجرانوالہ، گجرات، رحیم یار خان، صادق آباد اور کلر سیداں سمیت صوبے کے مختلف شہروں کی بارز کے منتخب نمائندوں نے فوری طور پر گیارہ جون تک صرف فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے عدالتوں میں پیش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء، جوڈیشل افسران، عدالتی عملے اور سائلین کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے تمام عدالتیں کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ وکلاء نمائندوں نے کورونا سے رحیم یار خان بار کے سابق صدر جام عبدالمجید مصطفائی سمیت متعدد وکلاء کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے متعدد شہروں سے جوڈیشل افسران، عدالتی عملے اور لیگل برانچ کے ملازمین میں بڑی تیزی سے کورونا کے پھیلائو کی خبریں بھی باعث تشویش ہیں لہذا ہمیں ان حالات میں مقدمات سے زیادہ انسانی جانوں کے بچائو پر توجہ دینا چاہئے، بارز کی طرف سے چیف جسٹس اور سیشن ججز کو لکھے گئے خطوط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وکلا صرف فوری نوعیت کے مقدمات میں پیش ہوں گے اگر کوئی وکیل کسی کیس میں پیش نہ ہو سکا تو اس کا اثر زیرسماعت کیس پر نہیں ہونا چاہئے۔
تازہ ترین