• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کایلی جینر سب سے زیادہ کمائی کرنیوالی 100شخصیات میں سرفہرست

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے ہر سال کی طرح سال 2020 کی سب سے زیادہ کمانے والی دنیا بھر کی 100شخصیات کی فہرست جاری کردی۔

’فوربز‘ فہرست کے مطابق رواں سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث کئی شوبز و کھیل کے شعبے کی شخصیات کی کمائی میں واضح کمی دیکھی گئی جب کہ اس سال مجموعی طور پر 100 شخصیات نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 20کروڑ ڈالر کم کمائے ہیں۔

اس سال سب سے زیادہ کمانے والی 100 شخصیات نے مجموعی طور پر 6 ارب 10 کروڑ ڈالر کمائے، جس میں سے صرف ایک ہی شخصیت کی کمائی 59 کروڑ ڈالر ہے۔حیران کن طور پر اس سال سے سب سے زیادہ کمانے والی شخصیت 22 سالہ ٹی وی اسٹار و ماڈل کایلی جینر ہیں، جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 59 کروڑ امریکی ڈالر کمائے۔

کایلی جینر کو فوربز نے حال ہی میں سب سے کم عمر ارب پتی بننے والی فہرست سے خارج کیا تھا، میگزین کے مطابق کایلی جینر نے ارب پتی بننے سے متعلق حقائق کو خفیہ رکھا، میگزین نے انہیں 2019 میں دنیا کی کم عمر ارب پتی قرار دیا تھا۔فوربز کی 2020 کی فہرست میں ٹیلر سوئفٹ سب سے زیادہ کمانے کے حوالے سے 25 ویں نمبر پر ہیں گزشتہ برس وہ پہلے نمبر پر تھیں۔

سال 2019 میں ٹیلر سوئفٹ کی کمائی 18 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی، رواں سال ان کی کمائی ساڑھے 6 کروڑ ڈالر سے بھی کم ہوگئی۔کایلی جینر گزشتہ برس اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تھیں۔

انہوں نے گزشتہ سال 17 کروڑ ڈالر کمائے تھے مگر رواں سال کورونا کے باوجود انہوں نے گزشتہ سال کے مقابلے تین گنا زیادہ پیسے کمائے اور ان کی مجموعی کمائی 59 کروڑ ڈالر رہی۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں بھارت سے صرف ایک ہی شخصیت بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار جگہ بنانے میں کامیاب گئے اور وہ فہرست میں 52 ویں نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین