• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری میڈیا کادم گھونٹنے کے مترادف ہے، مقررین

لاہور / پشاور / راولپنڈی (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور، پشاور اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی کیمپس کا سلسلہ جمعرا ت کے روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مقررین نے میر شکیل الر حمٰن کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری میڈیا کا دم گھوٹنے کے مترادف ہے، میر شکیل الرحمٰن نے کبھی بھی اپنے قلم کا سودا نہیں کیا، اس وقت ملک میں آزاد صحافت خطرے میں ہے۔ لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جنگ کے شاہین قریشی ،ن لیگی ایم پی اے طارق گل، سول سوسائٹی کے عبداللہ ملک، چیف رپورٹر جنگ لاہور مقصود بٹ، مقصود اعوان، خضر حیات گوندل، پیپلز پارٹی کے وحید عالمگیر، ظہیر انجم، اویس قرنی، جنگ ورکرز یونین کے سیکرٹری محمد فاروق، عزیز شیخ، شاہد عزیز، منور حسین، محمد علی اکمل بھٹی، افضل عباس، جنگ، جیو گروپ کے ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن سچائی کی بات کرتے اور سچ بولنے پر ہی سلاخوں کے پیچھے بند ہیں۔ پشاور میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو سچ کی آواز دبانے کی ناکام کوشش قرار دیا اور خبر دار کیا ہے کہ حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے حقائق اور اپنی ناقص کارکردگی چھپانے میں کامیاب نہیں ہوگی بلکہ صحافی میر شکیل الر حمٰن کی رہائی کی تحریک اور آزادی صحافت کی جدوجہد میں مزید تیزی لائیں گے۔ مظاہرے کی قیادت جنگ گروپ کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کر رہے تھے، مظاہرے میں جنگ، جیو اور دی نیوز سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری، آزادی صحافت پر حکومتی حملوں اور ملک بھر میں صحافیوں کے معاشی قتل عام کیخلاف نعرے درج تھے، روزنامہ جنگ راولپنڈی کے باہر مری روڈ پر احتجاجی کیمپ میں شرکاء نےپاکستان زندہ باد،میر شکیل الر حمٰن کو رہا کرو،تحریک آزادی صحافت زندہ باد،میڈیا کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے،نیب تیرے ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے لگائے گئے۔
تازہ ترین