ریاض، لندن، ریو ڈی جنیرو(اے ایف پی،نیوزڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے اہم شہر جدہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 15 روز کے لیے دوبارہ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے، جدہ کی مساجد عام نمازیوں کیلئے بند کردی گئیں، ایران وائرس کی نئی لہر کا شکار دنیا کا پہلا ملک بن گیا، لاک ڈاون میں نرمی کے بعد کیسز میں تیزی سے اضافہ ، برطانیہ میں ہلاکتیں 40 ہزار سے بڑھ گئیں، بھارت نے کیسز میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ دیا، امریکا میں 1 لاکھ 8 ہزار ہلاکتیں، ترک صدر نے کرفیو کا فیصلہ واپس لے لیا،دریں اثناء فرانس کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وباء پر قابو پالیا گیا ہے ۔ روز مرہ ہلاکتوں میں بھی کمی آئی ہے جبکہ یومیہ کیسز کی تعداد بھی ایک ہزار سے کم رپورٹ ہورہی ہیں ۔ فرانس میں جمعے کے روز 44ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں جس کے بعد کورونا سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 29ہزار 68ہوگئی ہے ۔ فرانس میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 52ہزار 444ہوچکی ہے ۔ انڈونیشیا میں مساجد اور عبادت گاہیں کھول دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جدہ میں ہفتہ سے کرفیو سہ پہر 3 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ ہوگا جبکہ مساجد ایک بار پھرعام نمازیوں کیلئے بند کردی جائیں گی۔کرفیو کے علاوہ اوقات میں شہری مقامی فلائٹس اور ٹرینوں کے ذریعے سفر کر سکیں گے اور شہر میں داخل اور اخراج کر سکیں گے۔