• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ میں پھنسے پاکستانی طلبہ کا واپسی کیلئے وفاقی محتسب کو خط

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سعودی عرب میں زیرِتعلیم پاکستانی طلباء جن کی نقل وحرکت ہاسٹل تک محدود کردی گئی ہے اور دیگر مشکلات کے سبب انھوں نے وفاقی محتسب کو خط لکھ کر وطن واپسی کیلئے سعودی گورنمنٹ کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے اجازت نامہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے،طلبہ نے کہا کہ سعودی حکومت ہمیں بھیجنے کیلئے تیار مگر وزارت خارجہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم چار سو پاکستانی طلباء کی جانب سے وفاقی محتسب کو متوجہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں زیرِ تعلیم طلباء نے سفارت خانہ پاکستان اور اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ سے متعدد بار رابطہ کیا ہے اور ان سے گزارش کی ہے کہ سعودی حکومت سے رابطہ کرکے طلباء کو پاکستان روانہ کرنے کیلئے اجازت دی جائے، طلباء نے کہا سعودی حکومت ہمیں واپس بھیجنے کو تیار ہے مگر وزارتِ خارجہ کی جانب سے مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے جبکہ ہم حکومت پاکستان کی جانب سے قرنطینہ میں رہنے کی تمام شرائط بھی پوری کرنے کو تیار ہیں، جامعات کے ہاسٹل بند ہو جانے کی وجہ سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ دیگر تمام ممالک کے طلباء اپنے ممالک روانہ ہوچکے ہیں، طلباء کی درخواست پر وفاقی محتسب کے سنئیر ایڈوائزر کمشنر اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے دفتر خارجہ کو کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم طلباء کی واپسی کے لئے جو اجازت نامہ درکار ہے اسے فوری فراہم کیا جائے تاکہ طلباء کو درپیش مشکلات سے نکلا جائے اور ان کی وطن واپسی کی راہ ہموار کی جائے۔
تازہ ترین