اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کر دے گا،حکومتی بجٹ سے شعبہ صحت، زراعت کیلئےتباہ کن نقصانات ہوں گے۔ اگر بجٹ کے خلاف عوام نے مزاحمت نہ کی تو غربت اور قحط جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم عوام سے اس بات کا انتقام لے رہے ہیں کہ انہیں ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کرکے منتخب کیوں نہیں کیا؟ وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار اس بات کا اظہار ہیں کہ ملک کو تباہی کی سمت ڈال دیاگیاہے۔ ہفتے کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ان کی صدارت میں ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں ماہرین نے پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو عوام دشمن بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی ایس پی میں اضافے کی بجائے پٹرولیم لیویز میں اضافہ کرکے صوبوں کو ان کے شیئر ز سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔