کسٹمز کراچی نے بھارتی ساختہ اشیاء کی غیر قانونی درآمد کی کوشش ناکام بنادی۔ کلیکٹریٹ آف کسٹمز اپریزرمنٹ ویسٹ کراچی نے کارروائی کی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق بھارتی ساختہ 24 اعشاریہ 22 ملین روپے مالیت کی ٹیکسٹائل مشینری کی ایک کھیپ کی درآمد ناکام بنائی گئی ہے۔ مشینری بظاہر چین سے درآمد کی جارہی تھی لیکن یہ بھارت سے درآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق مشینری کا ملک چین ظاہر کرکے کلیئر کرانے کی کوشش کی گئی ، اس جعل سازی کو کسٹمز کراچی نے ناکام بنایا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق مشینری کی مینوفیکچرر پلیٹس اور شناختی نشانات مٹائے گئے تھے جبکہ برقی آلات پر میڈ ان انڈیا ثبت تھا۔
کسٹمز حکام نے بروقت کارروائی کرکے غیر قانونی اشیاء کی کلیئرنس روکی، جبل علی سے بھیجی گئی بھارتی ساختہ دوسری کھیپ کی مالیت کا تخمینہ 16 اعشاریہ 60 ملین روپے ہے۔
اعلامیے کے مطابق شنیڈر الیکٹرک کے پاور ڈسٹری بیوشن یونٹ پر مشتمل کھیپ کا ماخذ ملک چین ظاہر کیا گیا تھا۔
تفصیلی معائنے پر 3 اعشاریہ 76 ملین روپے مالیت کے پاور ڈسٹری بیو شن یونٹ کے مین پینل ڈور پر "میڈ اِن انڈیا" واضح طور پرلکھا ہوا پایا گیا جبکہ گارنیٹ مش 80 پر مشتمل کھیپ کا ماخذ ملک ترکی ظاہر کیا گیا تھا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی درآمد اور غلط بیانی میں ملوث درآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔