• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبح بیداری کے بعد کیا آپ کے پیروں میں بھی درد ہوتا ہے؟

صبح بیدار ہونے کے بعد اکثر ہمارے پاؤں  کی ایڑھی میں شدید درد ہوتا ہے جسے پلینٹر فاسائائٹس کہا جاتا ہے، بعض اوقات اس درد کی وجہ سے ہمیں سوزش کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس درد کی وجہ سے چلنے پھرنے میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ صبح کے وقت پاؤں میں درد کی وجہ ہمارا بڑھتا وزن ہوسکتا ہے، وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پاؤں پر زور پڑتا ہے جو درد کا سبب بنتا ہے اور اکثر یہ درد ورزش کرنے کے بعد بھی ہوتا ہے لیکن یہاں ماہرین نے کچھ گھریلو نسخے بتائے ہیں جن سے ہم گھر بیٹھے اِس درد سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

پاؤں کا درد ختم کرنیوالے گھریلو نسخے:

تھوڑا آرام کریں:

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر پاؤں میں درد کی وجہ سے آپ کے پیروں پر سوزش آگئی ہے تو آپ کو چاہیے کہ آپ کچھ دیر آرام کریں اور اپنے پاؤں پر زیادہ زور نہ دیں، ایسا کرنے سے ناصرف آپ کے پاؤں کی سوزش ختم ہوگی بلکہ آپ کا درد بھی کم ہوگا۔

پاؤں پر برف لگائیں:

آپ اپنے پاؤں کی سوزش ختم کرنے کے لیے برف کا استعمال بھی کرسکتے ہیں، آپ اپنے پاؤں پر برف سے مساج کریں اِس سے سوزش بھی کم ہوگی اور ساتھ ہی پاؤں کا درد بھی ختم ہوگا، آپ یہ عمل دن میں 3 سے 4 مرتبہ کرسکتے ہیں اور اگر درد زیادہ ہے تو اِس عمل کو کرنے کی تعداد بھی بڑھاسکتے ہیں۔

ورزش:

آپ ایسی ورزش کریں جو پاؤں اور پٹھوں کو مضبوط کرتی ہیں، اس ورزش سے آپ کے پاؤں کے درد کو راحت ملے گی، آپ کے ٹخنے مستحکم ہوں گے اور ساتھ ہی آپ کے پاؤں کا درد اور سوزش بھی ختم ہوجائے گی، آپ اِس عمل کو دن میں 2 سے 3 بار  دہراسکتے ہیں۔

آرام دہ جوتے پہنیں:

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاؤں کے درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے آپ اپنی روزمرہ کی روٹین میں آرام دہ جوتوں کا استعمال کریں کیونکہ اس سے آپ کے پاؤں کو سکون ملے گا اور آپ پاؤں کے درد کا شکار بھی نہیں ہوسکیں گے اور زیادہ چلنے کی وجہ سے آپ کے پاؤں میں سوجن بھی نہیں آئے گی۔

وزن کم کریں:

صبح کےوقت پاؤں میں ہونے والے درد کی سب سے اہم وجہ آپ کا بڑھتا وزن ہے، اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ اپنی روزمرہ کی خوراک میں ایسی غذائیں شامل کریں جن سے آپ کا بڑھتا وزن کم ہوسکے اور آپ کے جسم میں موجود زائد کیلوریز کی مقدار بھی کم ہوسکے، اور اِس کی ساتھ ہی آپ روزانہ ورزش بھی کریں تاکہ آپ کا وزن جلدی کم ہو۔

یاد رہے کہ اگر مذکورہ گھریلو نسخوں سے آپ کا درد کم نہ ہو تو آپ اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ایکسرے کروائیں تاکہ درد کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔

تازہ ترین