• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں پرتشدد جھڑپوں کے دوران پولیس کے درجنوں اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق کم از کم 19 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کے دوران پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف گشت کیا جا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے ایک 17 سالہ نوجوان کی تلاشی لی اور اس کے بعد درجنوں افراد نے پولیس پر حملہ کر دیا۔

اس کے ساتھ 7 مشتعل افراد نے شہر کی مرکزی شاپنگ اسٹریٹ میں واقع دکانوں پر پتھراؤ کر کے توڑ پھوڑ شروع کردی اور لوٹ مار مچا دی۔

پولیس کے مطابق ویک اینڈ پر پارٹی میں مگن 4 سے 5 سو نوجوان چہرے پر ماسک پہنے ہوئے جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ اس دوران چند نوجوانوں نے گروپس کی شکل میں پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض افراد پولیس پر حملہ کر رہے ہیں اور کم از کم 30 دکانوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے، آٹھ برینڈڈ اسٹورز سے سامان بھی چوری کر رہے ہیں۔

جرمن حکام نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور فوری تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔

تازہ ترین