• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کو اتحادیوں نے آخری بار ووٹ دیا، رانا ثنا


مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہےکہ وزیراعظم عمران خان کو اتحادیوں نے شاید آخری بار ووٹ دیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللّٰہ نے کہاکہ ہم نے بجٹ 2020-21 مسترد کیا کیونکہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجٹ پر بحث جاری تھی، اس پر منی بجٹ نافذ کیا گیا، جس میں تیل کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، آج ہم چاہتے تھے ہمارا نقطہ نظر عوام تک جائے، یہ ہمارا بجٹ نہیں تھا، لیکن ہمارے 119 لوگ موجود رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 3 دن سے پارلیمنٹ میں آرہے ہیں، عشائیے دیے جارہے ہیں، آج ثابت ہوا عمران خان کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے تھے اجلاس میں ووٹوں کی گنتی کی جائے، وزیراعظم بجٹ منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں 172 نمبرز پورے نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج پارلیمان میں حکومت کے 160 نمبرز تھے، عمران خان کو اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں ہے، وزیراعظم کی پارٹی کے 22 ارکان موجود تھے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ یہ کہتےتھے 100 دن میں حالات ٹھیک کردیں گے، حکومت کو 2سال ہوچکے، ان سے کچھ نہیں ہوا، وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں نے انہیں شاید آخری بار ووٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس حکومت کو مزید وقت دینا ملک کی تباہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے مڈٹرم الیکشنز کی طرف جایا جائے۔

تازہ ترین