اسلام آباد ( ایجنسیاں ) قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی کے بیان پر ایوان میں ہنگامہ برپا ہو گیا ،پیپلزپارٹی کے ایم این اے نوید قمر جذباتی ہوگئے انہوں نے اپنا کوٹ اتار دیا اور علی زیدی کو چیلنج دیا کہ اگر لڑائی کرنی ہے تو میں تیار ہوں۔
تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کی جے آئی ٹی سے متعلق تقریر پر پیپلزپارٹی کی جانب سے ایوان میں شور شرابا کیا گیا۔ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے اراکین آمنے سامنے آگئے۔ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پی پی رہنما عبد القادر پٹیل کا مائیک بند کرنے پر اپوزیشن واک آؤٹ کر گئی جبکہ حزب اختلاف نے مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
قبل ازیں علی زیدی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آصف زرداری عزیر بلوچ کو ہدایات دیتے رہے، 2016 میں بلاول نے اربوں کے اثاثوں کے باوجود ساڑھے پانچ لاکھ روپے ٹیکس دیا، نثار مورائی نے 3 افراد کے قتل کا اعتراف کیا، منشیات فروشی کا سہولت کار سعید غنی کا بھائی ہے۔
الذوالفقار کا کارکن طیارہ اغوا کر کے افغانستان لے گیا۔نثار مورائی کو فشریز کا چیئرمین فریال تالپور نے لگوایا، جےآئی ٹی میں کہا گیا عزیر بلوچ کو فریال تالپور ہدایات دیتی تھیں۔