• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، بربریت کی نئی مثال، 3 سالہ نواسے کے سامنے نانا شہید

مقبوضہ کشمیر، بربریت کی نئی مثال، 3 سالہ نواسے کے سامنے نانا شہید


سرینگر / کراچی (نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی نئی مثال قائم کردی اور 3سالہ نواسے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کردیا ، ننھا بچہ خون میں لت پت اپنے نانا کی لاش پر بیٹھا ہوا تھا اور انہیں جگانے کی کوشش کرتا رہا۔

شہید بشیر احمد خان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے قابض اہلکاروں نے انہیں کار سے نکال کر شہید کیا ۔ دریں اثناء بدھ کو کو بشیر احمد خان کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد شریک ہوئےاور انہوں نے بھارت کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین ’ہم آزادی چاہتے ہیں‘ کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز نے 3سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ، چھوٹے بچے کی اپنے نانا کی لاش پر بیٹھی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور یہ ان انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو ایک طویل عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ننھا بچہ خون میں لت پت اپنے نانا کی لاش پر بیٹھا ہوا تھا اور انہیں جگانے کی کوشش کرتا رہا ۔ قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور آج ہونے والے ایک واقعے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے دنیا کو جنجھوڑ کر رکھ دیا۔

سوشل میڈیا پر اس وقت ٹاپ ٹرینڈ پر ایک تصویر موجود ہے جس میں ایک چھوٹا، تقریباً 3 سالہ بچہ خون میں لت مت اپنے نانا کی لاش کے اوپر بیٹھا ہوا ہے اور اس کے پاس سیکورٹی اہلکار کھڑے ہیں۔

اس بارے میں برطانوی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ میں یہ بیان کیا گیا کہ یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں ماڈل ٹاؤن علاقے سوپور میں پیش آیا۔

تازہ ترین