پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد ساتوں روز کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں ساتوں روز کےلیے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کھولنے کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق گبد، مند، کٹاگر اور چیدگی کے بارڈر کھولنے کافیصلہ کیا گیا ہے، یہ سرحدیں 5 جولائی کی صبح سے معمول کے مطابق کھل جائیں گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے طے شدہ ایس او پیز اور پروٹوکولز کے تحت ان بارڈرز سے تجارت کی اجازت ہوگی۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ان سرحدوں سے صرف درآمدات اور برآمدات کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے مطابق یہ سرحدیں ہفتے میں ساتوں روز کھلی رہیں گی، تجارت مقررہ وقت پر ہوگی جبکہ ان مقامات سے لامحدود ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔