• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی توثیق، ڈرگ پالیسی، منی لانڈرنگ ایکٹ میں ترامیم منظور، ارشد ملک ریٹائرمنٹ کے بعد بھی PIA کے سربراہ رہیں گے، 28 پائلٹس برطرف

وفاقی کابینہ، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی توثیق


اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی توثیق کردی جبکہ ڈرگ پالیسی اورمنی لانڈرنگ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی گئی ہے ‘وفاقی کابینہ نے ائیرمارشل ارشد ملک کو پی آئی اے کا 3 سال تک چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالنے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی منظوری کے بعد ائیر مارشل ارشد ملک پاکستان ائیر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے‘ کابینہ نے راحت کونین کو چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور منورحسین کوسی ای اوایگروفوڈپراسیسنگ ملتان تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ ریاض میمن کو تین ماہ کیلئے چیئرمین اسٹیٹ لائف کارپوریشن کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔

کابینہ نے قانونی مقدمات کی پیروی کے لئے ایف بی آر کو ماہر وکلاء کی خدمات براہ راست حاصل کرنے کی منظوری دی ‘اس سے قبل وزارت قانون سے اس کی منظوری لینا ضروری تھاجبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف موجودہ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے‘ عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحی گھر پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی پر گھروں میں رہیں‘ وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مشتبہ لائسنسوں والے 28 پائلٹوں کو ملازمت سے نکال دیا ہے، جعلی لائسنسوں والے تمام پائلٹس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں بھرتی کئے گئے‘ایسے منظم مافیا کے خلاف بلاخوف و خطر کارروائی جاری رہے گی‘جعلی پائلٹوں کے معاملہ پر پی آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف این سی او سی کا کردار قابل تعریف رہا ‘ ابتداءمیں ہمارے پاس دوٹیسٹنگ لیبارٹریاں تھیں، اب ان کی تعداد 129 ہو گئی ہے‘ پہلے طبی سامان درآمد کرتے تھے، اب برآمد کر رہے ہیں۔ 

امپریل کالج کی اسٹڈی سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ ہم نے جو حکمت عملی اختیار کی اس سے کورونا کیسز کا گراف نیچے جا رہا ہے‘حکومت نے عیدالاضحی کیلئے سخت قواعد و ضوابط وضع کئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کو ایس او پیز کے حوالہ سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں‘انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ٹیکس محصولات میں کمی آئی ہے۔ 

سینیٹر شبلی فرازکا کہناتھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کابینہ اجلاس میں پائلٹوں کے معاملہ سے متعلق رپورٹ پیش کی‘ اس موقع پر پی آئی اے حکام بھی موجود تھے۔ ہم سفر کو محفوظ بنانا ‘پائلٹوں کی کوالیفکیشن میں شفافیت چاہتے ہیں، جن پائلٹوں کے لائسنس مشتبہ پائے گئے تھے ان کو گراؤنڈ کر دیا گیا، اس حوالہ سے تمام ملکی وغیرملکی شراکت داروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے سیّد میکال حسین، عمران وحید الدین اور مراد انصاری کو ایس ٹی ڈی سی ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 جولائی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ 

اجلاس میں ڈرگ پراسیسنگ پالیسی 2018ءکو ڈرگ ایکٹ 1976ءکے مطابق بنانے کی ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں راحت کونین حسن، شمائلہ لون اور مجتبیٰ لودھی کو تین سال کیلئے مسابقتی کمیشن آف پاکستان میں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

کابینہ نے راحت کونین حسن کو چیئرپرسن مسابقتی کمیشن آف پاکستان تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ریاض احمد میمن جو کہ چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل کرنے اور تین ماہ کے لئے چیئرمین اسٹیٹ لائف آف کارپوریشن کی اضافی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی۔ 

ائیر مارشل ارشد محمود ملک کابینہ کی منظوری سے 26اپریل 2018کو تین سال کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے سی ای او مقرر کے گئے تھے چونکہ اس وقت وہ حاضر سروس تھے لہذا ان کی تعیناتی سیکنڈمنٹ/ڈیپوٹیشن پر کی گئی۔ 

ائیر مارشل ارشد ملک 12 جولائی کو سروس سے ریٹائر ہو رہے ہیں لہذا کابینہ نے ایوی ایشن ڈویژن کی اس تجویز کو منظور کیا کہ موجودہ سی ای او کی ائیر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اپنا تین سال کا تعیناتی کا عرصہ پورا کریں گے تاہم وہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوگا اور کمپنیز ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت بورڈ ان کی تعیناتی کی شرائط طے کریگا۔ کابینہ نے26 جون 2020کو پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والے اضافے کی منظوری دی۔ 

تازہ ترین