• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان انوشے اشرف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مندر تعمیر کرنے کی حمایت میں آواز اُٹھا دی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر انوشے اشرف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ صرف ایک منٹ کے لیے ایسے ملک میں رہنے کا تصور کریں جہاں آپ کو مسجد تعمیر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی وہاں آپ کو مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔‘

انوشے اشرف نے لکھا کہ ’آپ کو اُس ملک میں آپ کے مذہب اور عقیدے کی وجہ سے ملازمت نہ دی جائیں اور وہاں آپ پر ظلم کیا جائے گا، تو کیا آپ اُس ملک کی قوم بننا چاہیں گے؟‘

اداکارہ نے خود ہی اپنے اِس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ہم میں سے کوئی بھی ایسے ملک میں رہنا چاہے گا۔‘

اُنہوں نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مشہور قول بھی لکھا جس قول میں پاکستان میں برابری، امن، یکسانیت کا پیغام دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اقلیتوں کو بغیر کسی ڈر اور خوف کے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی آزادی کی بھی بات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے مندر کا کام رکوادیاہے، ترجمان سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ مندر بغیر نقشے کے بنایا جارہا تھا۔

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے معاملے پر ترجمان سی ڈی اے نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے مطابق کوئی عمارت نقشے کی منظوری کے بغیر نہیں بنائی جاسکتی، متعلقہ افراد کو مندر کے نقشے کی منظوری کا کہا ہے۔

تازہ ترین