پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔
سارہ خان اور فلک شبیر کے نکاح کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، سارہ خان نے اپنی زندگی کے خاص موقع پر خوبصورت غرارہ زیب تن کیا جبکہ فلک شبیر نے ہاف وائٹ رنگ کا کرُتا پہنا تھا۔
دونوں فنکاروں کی جانب سے اُن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ابھی تک نکاح کی کوئی تصویر اور ویڈیو شیئر نہیں کی گئی ہے جبکہ سارہ خان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرکے ’مسز فلک‘ کردیا ہے۔
سارہ خان اور فلک شبیر کے نکاح کی وائرل ویڈیوز میں ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار اپنی دُلہن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی گانا ’کون تجھے‘ گنگناتے نظر آرہے ہیں۔
یہ ویڈیو اس جوڑے کے ویڈنگ فوٹو گرافر عبدالصمد ضیاء کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سارہ خان نے اپنی منگنی کی خوبصورت تقریب کی تصویر ہیش ٹیگ ’فلک کی دلہن‘ کے ساتھ شیئر کی جس میں فلک شبیر انہیں شادی کی پیشکش کررہے ہیں۔
دوسری جانب فلک شبیر نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر منگنی کی تقریب کی بے شمار ویڈیوز اور تصویریں بھی شیئر کیں جس میں وہ سارہ کیلئے اپنی سریلی آواز میں گانا بھی گا رہے ہیں۔
منگنی کی تقریب میں سارہ خان نے لال جوڑا جبکہ فلک شبیر نے سفید پینٹ کوٹ زیب تن کیا تھا۔