• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی گھر، کاروبار یا ادارے کو چلانےیا منظم رکھنے کے لیے پیسہ نہایت ضروری ہوتا ہے اور شعبہ فنانس یا شعبہ مالیات پیسے کےمعاملات کو منظم کرنے کے فن اور سائنس کانام ہے۔ فنانس کی عام تعریف یوں کی جاتی ہے ’’زر (Money) اور اثاثہ جات(Assets) کے انتظام کو فنانس کہا جاتا ہے‘‘۔ علمی ماہرین کی رائے میں کسی بھی تنظیم کا ڈھانچہ شعبہ فنانس کےبغیرمکمل نہیں ہوتا۔ شعبہ فنانس کے بارے میں مشہورہے کہ کوئی بھی کمپنی آغاز کے وقت سب سے پہلے شعبہ فنانس ترتیب دیتی ہے اور یہ شعبہ کمپنی کو تالا لگتے وقت(سب سےآخر میں) بند کیا جاتا ہے۔

شعبہ فنانس اس صدی کے ڈیمانڈنگ شعبوں میں سے ایک ہے کیونکہ کسی بھی کاروبار یا ادارے میں یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ادارے کے پاس کاروبار چلانے کے لیے مطلوبہ فنڈز موجود ہوں اور آیا اس سرمایہ کودانشمندی کے ساتھ خرچ کیا جا رہا ہے یا نہیں؟ اس کے علاوہ کمپنی کے اثاثوں میں اضافے اور ٹیکس معاملات کے حوالے سے بھی اس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ بزنس گریجویٹس کے لیے شعبہ فنانس میں ڈگری کا حصول محض ایک آغاز ہوتا ہے، جس کے ساتھ وہ مختلف کورسز یا سرٹیفیکیشن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔

مطلوبہ مہارتیں

٭ فنانس کےاہم مضامین طلبا میں تجزیاتی مہارتیں پیدا کرتے ہیں جن کے ذریعے وہ سرکاری اور نجی اداروں کے مالیاتی گوشواروں اورمعاملات کی چھان بین کرتے ہیں۔

٭ فنانس ڈگری کے حصول کے دوران طلبا کاروباری مسائل کی معیاری اور عددی سمتوں کی تشخیص کرتے ہیں اور تمام تر کارپوریٹ اور انفرادی عوامل کے مالی اطلاق کا جائزہ لیتے ہیں اور اس کی قدر وقیمت معلوم کرتے ہیں۔

٭ فنانس ڈگری کے حامل طالب علم اسپریڈشیٹ کے ساتھ ساتھ دوسرے اکاؤنٹنگ سوفٹ ویئرز پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ کلائنٹس کوجدید مالیاتی معلومات فراہم کرنے کے مالیات سے وابستہ تمام انتظام و انصرام بخوبی نبھاسکتے ہیں۔

اگر آپ بھی بطور طالب علم فنانشل مارکیٹس ،اسٹاک ، بانڈزاور سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اعداد وشمار پر غور کرتے ہیں تو آپ کو فنانس بطور میجر مضمون پڑھنا چاہیے۔ ذیل میں فنانس کے کچھ انتہائی مطلوب کیریئر کا ذکر کیا جارہا ہے، جو آپ کے مستقبل کی تشکیل کرسکتےہیں۔

مالیاتی منصوبہ ساز

اگر آپ فنانس کا انتخاب کرتےہیں تو تعلیم حاصل کرنے کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق خاص علم حاصل کرلیں گے۔ سیکیورٹی مارکیٹس میں متعارف کیے جانے والے ٹرینڈ اور اس سے متعلق معلومات کی بناء پرآپ بطور مالیاتی منصوبہ ساز (Financial Planner)اپنا مستقبل محفوظ بناسکتےہیں۔ واضح رہے کہ بطور فنانشل پلانر آپ کی ذمہ داری کلائنٹس کو فنانس مینجمنٹ سے متعلق مشورے فراہم کرنا ہوتی ہے۔ امریکا کے بیورو آف لیبراسٹیٹسٹکس (بی ایل ایس) کے سروے میںفنانشل پلانرز کی تنخواہوں میں 2018ء کے مقابلے میں 2026ء تک15فیصد اضافہ کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

مالیاتی تجزیہ کار

ایک مالیاتی تجزیہ کار(Financial Analyst) اسٹاک، بانڈز، کمپنیز، سرمایہ کاری، اداروں کے انضمام، محصولات، بانڈ/اسٹاک کی پیش کش، کسی کارپوریشن کی توسیع اور تنظیم نو کے حوالے سے ہونے والے کسی بھی عمل کا حصہ بنتا ہے۔ ایک مالیاتی تجزیہ کار کا کام کسی بھی ادارےکے لیے فنانشل ماڈل تیار کرناہوتا ہے، وہ تیار کیے گئے ماڈل کا تجزیہ ادارے کی فنانس ٹیم یا پھردیگر ممبران کے سامنے پیش کرتا ہے۔

اس ذمہ داری کو بحسن خوبی نبھانے کے لیے ایک فنانشل انالسٹ کا ماسٹرز میں فنانس بطور میجر سبجیکٹ ہونا ضروری ہے۔ امریکا کے بیورو آف لیبراسٹیٹسٹکس (بی ایل ایس) کے سروے میںفنانشل انالسٹ کی تنخواہوں میں 2018ء کے مقابلے میں2026ء تک 11فیصد اضافہ کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

بجٹ تجزیہ کار

بجٹ تجزیہ کار (Budget Analyst) کی ذمہ داری میں کسی تجارتی ، تعلیمی ، سرکاری یاغیرمنافع بخش تنظیم میں تیار کیے جانے والے منصوبوں اور تجاویز پر مالیات کے اصولوں کا اطلاق کرنا شامل ہے۔ وہ بجٹ کا تجزیہ کرتا ہے اور اس کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کے مالی اثرات کا جائزہ پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک بجٹ انالسٹ کاکام ادارے میں کمیونی کیشن اسکلز کو بہتر بنانا بھی ہے کیونکہ معلومات اکھٹی کرنے کے لیے ادارے کی اہم شخصیات سے رابطہ ضروری ہوتا ہے، جس کے بعد ہی عملے کو بجٹ کی تیاری اور اس میں ہونے والے فوائد سے متعلق تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ 

امریکا کے بیورو آف لیبراسٹیٹسٹکس (بی ایل ایس) کے سروے میںفنانشل انالسٹ کی تنخواہوں میں 2018ء کے مقابلے میں2026ء تک 7 فیصد اضافہ کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

اکاؤنٹنٹ

علمی ماہرین اکاؤنٹنٹ کےپیشہ کو کمپنیوں کی طرف سے زیادہ مطلوب اور نوجوانوں میں سب سے زیادہ مقبول قرار دیتے ہیں۔ فنانس میں میجر کرنے کے دوران فنانشل اسٹیٹمنٹ کی تیاری، تشریح اور تنقید پر غور کیا جاتا ہےجس کے باعث اس ڈگری کے حامل طالب علم کسی بھی ادارے میں اکاؤنٹس کے پیچیدہ کاموں کو انجام دینے کےاہل ہوجاتے ہیں۔ امریکا کے بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس (بی ایل ایس) کے سروے میںاکاؤنٹنٹ کی تنخواہوں میں 2018ء کے مقابلے میں2026ء تک 10فیصد اضافہ کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

تازہ ترین