• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے،عاصم باجوہ

سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے،عاصم باجوہ


اسلام آباد(نمائندہ جنگ )چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیاہے جس میں منصوبے کے معاشی ثمرات پاکستان کے عوام تک پہنچائے جائیں گے۔

معاشی ثمرات عوام تک پہنچائینگے،گوادرمیں غیر معمولی اقتصادی سرگرمیوں کاآغاز ہوچکا،گوادر اور بلوچستان میں غیر معمولی اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ان میں مقامی افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’ گوارد بندرگاہ، اورفری اقتصادی زون کا بلوچستان اور خطے کی مربوطی میں کردار ‘ کے زیر عنوان آن لائن مکالمے کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا رجحان اب گوادر کی جانب ہو رہا ہے۔ گوادر بندرگاہ اور ائر پورٹ اب مکمل طور پر کھول دئیے گئے ہیں اور گوادر ڈسٹرکٹ اقتصادی زون کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔

پاکستان میں متعین چین کے سفیر یاو جنگ نے اس موقع پر کہا سی پیک اتھارٹی سمیت حکومت پاکستان کے مختلف محکموں نے منصوبے کی سرعت کے ساتھ تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ٹیکسوں کے حوالے مراعات کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا رخ گوادر کی جانب ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت گوادر ہی نہیں بلکہ پورے بلوچستان کو ترقی دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسیع کرے گی۔ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (چین) مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان مختلف اقتصادی شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔

تازہ ترین