• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ علمائے اہلسنت کا اختر غوری کی زیرصدارت اجلاس

برمنگھم(پ ر)متحدہ علمائے اہل سنت برطانیہ کا اجلاس ختم نبوت ایجوکیشن سینٹر برمنگھم میں زیر صدارت ڈاکٹر اختر الزمان غوری منعقد ہوا۔ اجلاس کے محرک اور داعی مولانا امدادالحسن نعمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنیاد اسلام بل ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کا ضامن ہے۔ انھوں نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس بل پر فورا ًدستخط کر کے اس کو نافذ کیا جائے۔ مولانا ضیا المحسن طیب نےکہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے یہ سب سے سنجیدہ کوششش ہے۔انھوں نے کہا کہ جولوگ اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں وہ ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ نہیں چاہتے اور ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنا چاہتےہیں۔ انھوں نے کہا کہ اقلیت کو اکثریت پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہؓ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مولانا سرفراز مدنی نے کہا کہ اس بل پر اعتراض کرنے کی کوئی وجہ سمجھ نہی آتی، اس بل میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں، انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین ؓاور اور امت کی جو مسلمات ہیں ان کے خلاف کسی کو بھی لب کشائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مولانا اکرام الحق خیری نے کہا کہ امت کی بزرگ ہستیوں کے خلاف کس طرح دشنام ترازی کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر اختر الزمان غوری نے کہا کہ شیعہ اور سنی کو لڑانا عالمی سازش کا حصہ ہے، انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں گورنر پنجاب سے رابطہ کرکے ان کو حالات کی نزاکت کا احساس دلایا جائے ۔ مولانا عمران الحق نے کہا کہ ایک خاص طبقہ کھلے عام صحا بہ کرامؓ کے خلاف لب کشائی کرکے اہل سنت کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ اس بل سے کوئی آدمی گلی بازار میں صحابہ کرامؓ کے خلاف بات نہیں کر سکے گا۔ مولانا امداد اللہ قاسمی نے کہا کہ اس بل کو پاس کرنے پر پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان داد کے مستحق ہیں۔ مولانا سہیل باوا نے کہا کہ ناموس رسالت اور ناموس صحابہ دونوں مسلمانوں کے جذباتی مسئلے ہیں انھوں نے کہا کہ ایک طبقہ نرمی کا فائدہ اٹھا کر مسائل پیدا کر رہا ہے۔ مولانا طارق مسعود نے کہا کہ اس بل کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مولانا ارشد محمود نے کہا کہ یہ ایک تاریخی واقعہ ہے، انھوں نے کہا کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں۔مولانا طارق مسعود نے کہا کہ گورنر جلد اس بل پر دستخط کریں۔مولانا محمود قادری نے کہا کہ صحابہ کی عزت وناموس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے ۔اجلاس سے حافظ عدیل تصور ،مسعود نعمانی محمود نعمانی نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں ملک وملت کے لئے دعا کی گئی۔
تازہ ترین