حنا طاہر
پیارے بچو! آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ بار ش ہونے سے پہلے آسمان بادلوں سے گھر جاتا ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہر بادل بارش نہیںبرساتا۔ بارش کےلئے کچھ خاص قسم کے بادل ہوتے ہیں، جنہیں ہم ’’برساتی بادل‘‘ کہتے ہیں ۔سمندر کی اوپری سطح سے مسلسل پانی بھاپ کی شکل میں فضاء میں پھیلتا رہتا ہے اور اونچائی پر بادلوں کی شکل اختیار کرلیتا ہے مثلا جب ہم کسی برتن میں پانی گرم کرتے ہیں تو اس سے بھاپ نکلتی ہے، اگر اس پر ایک ڈھکن رکھ دیں تو پانی کے قطرے اس پر جمع ہوجاتے ہیں ،بالکل اسی طرح زمین سے پانی بھاپ کی شکل میں اُڑ کر برساتی بادل کی شکل اختیار کرلیتا ہے، پھر یہی پانی کے بہت سارے قطرے آپس میں مل کر بارش کرتے ہیں،اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ فضا میں اونچائی کے ساتھ ساتھ ہوا کا درجہ حرارت کم ہوتا جاتا ہے اور پر پانی کے جماؤں کی سطح بنتی ہے ۔ جمنے والے قطروںسے یہی بادل بارش کرتے ہیں ۔
پانی کے چھوٹے ذراتی قطرے آپس میں ٹکراتے ہیں اور ٹوٹ کر زمین پر ٹپکنے یا برسنے لگتے ہیں اور پھر برسات شروع ہوجاتی ہے ۔ بارش زراعت اور پودوں کےلئے زندگی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اوسطاً بارش کا ایک قطرہ ایک یا دو ملی میٹر قطر کا ہوتا ہے۔ بارشیں عموماََ مون سون میں ہوتی ہیں۔ مون سون ہے کیا؟عام طور پر اس کا مطلب زمین اورسمندر پر گرمی کے ساتھ فضا میں تبدیلی لیا جاتا ہے ۔مون سون، بارشوںکے موسم کوکہتے ہیں۔
یہ موسم گرما میں جنوبی ایشیاء، جنوب مشرقی ایشیاء اور مشرقی ایشیاء میں بارشوں کا سبب بنتا ہے۔ اپریل اور مئی کے مہینوں میں افریقہ کے مشرقی ساحلوں کے قریب خط استوا کے آس پاس بحر ہند کے اوپر گرمی کی وجہ سے بخارات بننے کا عمل ہوتا ہے یہ بخارات بادلوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اور مشرق کا رخ اختیار کرتے ہیں۔ جون کے پہلے ہفتے میں یہ سری لنکا اور جنوبی بھارت پہنچتے ہیں اور پھر مشرق کی طرف نکل جاتے ہیں۔ ان کا کچھ حصہ بھارت کے اوپر برستا ہوا سلسلہ کوہ ہمالیہ سے آ ٹکراتا ہے۔ بادلوں کا کچھ حصہ شمال مغرب کی طرف پاکستان کا رخ کرتا ہے اور 15 جولائی کو مون سون کے بادل لاہور پہنچتے ہیں۔ عموماً 15 جولائی کو پاکستان میں ساون کی پہلی تاریخ ہوتی ہے۔
(Rain Gauge)، ایک آلہ (Instrument) ہے، جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ کس قدر بارش ہوئی۔بنیادی طور پر بارش کے دو اہم ذرائع ہیں۔ 1- قطبین پر ہوا کے دباؤ میں تبدیلی اور موسم کا بدلنا 2 – سمندر کی سطح پر موسموں کی تبدیلی کا اثر، یہ دونوں مراحل ایسے ہیں، جن کے زیر اثر بارش کے سائیکل اور اس کے نظام میں تبدیلی ہوتی ہے اور پوری دنیا میں بارش ہوتی ہے۔