• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہاڑی کے چڑیا گھر سے محکمہ وائلڈ لائف کی انتظامیہ اور ملازمین کی مبینہ غفلت کے باعث 6 قیمتی کالے ہرن چوری ہوگئے ہیں جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے 2 ملزمان کو معطل کردیا ہے جبکہ پولیس نے 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی چڑیا گھر کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث 6 کالے ہرن چوری کر لیے گئے ہیں جس میں اعلیٰ نسل کے قیمتی کالے ہرن شامل تھے ۔

ہرن ملحقہ ہاکی گراؤنڈ کی دیوار میں نقب لگا کر چوری کیے گئے، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف آفیسر ملتان نے چڑیا گھر کے 2 ملازمین کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر میاں منیر احمد کی مدعیت میں 8 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں مبینہ 8 ملزمان میں میلسی اور خانیوال کے دو بریڈنگ فارمز کے لوگ شامل ہیں جن میں میلسی مہر حبیب، ارشد عرف جھارا، عمران میو، شبیر عرف چینی، سید محسن عباس خانیوال سے اشفاق ،شبو ہراج  اور جمیل عرف چینی شامل ہیں۔ 

ان مبینہ ملزمان کے خلاف ایک مقدمہ زیر دفعات 379,411 تھانہ سٹی وہاڑی میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس اور وائلڈ لائف ذرائع کے مطابق اس چوری میں میلسی اور خانیوال میں بریڈنگ فارمز کے لوگ ملوث ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ ملتان نے دو ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔

انکوائری کمیٹی نے دیگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

دوسری جانب صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری نے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے جس کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انکوائری کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان جمشید قادر بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خانیوال مجاہد کلیم شامل ہیں۔

تازہ ترین