• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کا جذباتی پیغام

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والےپاک فوج کے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کا کہنا ہے کہ اگر اُن کے پچاس بیٹے بھی ہوتے تو وہ وطن پر قربان کردیتیں۔

بیٹے ناصر خالد کی شہادت کے بعد اُن کی والدہ کا ایک جذباتی ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں زیر گردش ہے۔

ویڈیو بیان میں شہید کی والدہ کو کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ وہ ساتھ کھڑے اپنے بیٹے کے بارے میں کہہ رہی ہیں کہ ’میرا یہ بیٹا بھی آرمی میں ہے اگر میرے 50 بیٹے بھی ہوتے تو میں وطن پر قربان کردیتی۔‘

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے محسن نقوی کا شعر لکھا۔

دکھ ہی ایسا تھا کہ رویا تیرا محسن ورنہ

غم چھپا کر اسے ہنستے ہوئے اکثر دیکھا

خیال رہے کہ 03 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں لیفٹیننٹ ناصر خالد ساتھیوں سمیت جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

شہید کے والد نے بھی پولیس کے محکمہ میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔

گزشتہ روز شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد کو فوجی اعزاز کے ساتھ مظفرآباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی قبر پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

پاک فوج کے لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید کی نماز جنازہ یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں ادا کی گئی تھی۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سمیت عسکری و سول حکام سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تازہ ترین