• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

WHO کا دنیا کو کورونا کیخلاف پاکستان سے سیکھنے کا مشورہ


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وباء کیخلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی پذیرائی کرتے ہوئے دنیا کو پاکستان سمیت 7 ممالک سے سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔

عالمی ادارے کورونا کیخلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی پذیرائی کرتے ہوئے ایک آواز ہوگئے ، ڈبلیو ایچ او نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وباء سے کیسے نمٹنا ہے، دنیا پاکستان سے سیکھے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان سمیت 7 ممالک جن میں تھائی لینڈ، نیوزی لینڈ، اٹلی، منگولیا، ماریشس، یوراگوئے اس مہلک وباء کیخلاف تیاری، ردعمل میں دنیا کیلئے سبق ہیں اور باقی ماندہ ممالک ان کی تقلید کرسکتے ہیں۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس نے یاد دلایا کہ کثیرالجہتی نظام صحت انتہائی ناگزیر ہے،ہمیں آئندہ کی عالمی وباء کیلئے تیاراور کورونا وباء سے سبق سیکھنا ہوگا۔

ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ اس سبق کو پاکستان سمیت 7 ممالک دنیا کو بہتر سکھا سکتے ہیں، انہوں نے مستقبل کی وباء کیلئے دنیا کو تیار رہنےکا انتباہ بھی جاری کیا۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او کاکہنا تھا کہ یہ آخری وباء نہیں، تاریخ بتاتی ہے وبائیں، بیماریاں زندگی کی حقیقت ہیں،آئندہ جب بھی وباء آئے، دنیا کو لازماً آج سے زیادہ تیار ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج شعبہ صحت میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے،آج شعبہ صحت کو سماجی، اقتصادی، سیاسی استحکام کی بنیاد بنانا ناگزیر ہے،ادویہ میں بہت بہتری آئی لیکن بیشتر ممالک نے شعبہ صحت کو نظر انداز کیا ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس نے مزید کہا کہ محفوظ اورصحتمند مستقبل کیلئے ہرملک کوشعبہ صحت میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

تازہ ترین