• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک میں یو ایس اوپن 2020 ویمنز سنگلز کا فائنل اتوار کو وکٹوریا آزارینکا اور نوامی اوسکا کے در میان کھیلا جائے گا۔ تاہم رواں سال چوتھے گرینڈ سلام ایونٹ یو ایس اوپن تاریخی رہا جہاں پہلی بار 9 ماؤں نے شرکت کی اور تین سُپر ماؤں سرینا ولیمز، وکٹوریا آزارینکا اور سیوتانا پیرنکووا نے کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کر کے تاریخ رقم کیں۔

سرینا ولیمز

38سالہ ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز کی ماریاسکاری کیخلاف جیت اور کوارٹر فائنل میں قدم رکھنے کے بعد کہنا تھا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اس ایونٹ میں بہت ساری ماؤں نے شرکت کی اور میں ان میں سے ایک ہوں۔ ‘‘

سابق عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر نے 2017 میں ریڈٹ ویب سائٹ کے شریک بانی ایلکس اوہانیان سے شادی کی اور 2 ستمبر 2017 کو فلوریڈا کے ایک اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا۔ 2018 فرنچ اوپن سے ان کی ٹینس کورٹ میں واپسی ہوئی لیکن وہ افتتاحی میچ کی ہی مہمان ثابت ہوئیں جبکہ 2018 یو ایس اوپن کے فائنل میں جاپان کی نو امی اوساکا کے ہاتھوں شکست کھا کر کیرئیر کا 24واں گرینڈ سلام ٹائٹل نہ جیت سکیں۔

2019 آسٹریلین اوپن میں ان کا سفر کوارٹر فائنل تک محدود رہا۔ وہ 2019 کے ومبلڈن اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں سائمونا ہیلپ کو قابو کرنے میں ناکام رہیں، لیکن ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں ایک بار پھر ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

26ستمبر 1981 کو فلوریڈا میں پیدا ہونے والی امریکی ٹینس کھلاڑی کوگزشتہ برس یو ایس اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں کینیڈا کی 19 سالہ بیانکا اینڈریسکو کے ہاتھوں اپ شکست کھاگئیں تھیں۔

وکٹوریا آزارینکا

31سالہ وکٹوریا آزارینکا نے چوتھے راؤنڈ میں کیرولینا موچووا کیخلاف فتح حاصل کرکے’’سپر ماؤں‘‘ کی صف میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ’’ مجھے عورت ہونے پر فخر ہے ۔ میں دیگر ماؤں کو یہاں کھیلتے دیکھ کر نہایت خوشی محسوس کررہی ہوں۔ میرے خیال میں یہ ان ماؤں کیلئے انسپائریشن ہیں جو اپنے خواب پورے کرنا چاہتی ہیں۔ جو نہ صرف بطور ایک ماں اپنی شناخت کروانا چاہتی ہیں بلکہ سب کچھ کرسکتی ہیں جو وہ چاہتی ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ’’ ہم ایسی خواتین بھی ہیں جن کے کچھ خواب ہوتے ہیں، ان میں بھی اپنی زندگی میں کچھ کرنے کی لگن اور جوش و جذبہ ہوتا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ سابق عالمی نمبر ایک وکٹوریا آزارینکا نے فیملی وجوہات کے سبب 2017 یو ایس اوپن سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ انہوں نے 2017 جون میں بچے کی پیدائش کے بعد ٹینس کورٹس میں واپسی کی تاہم فیملی وجوہات کی بنا پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے بیٹے کی تحویل میں لینے کا کیس لڑنے کی وجہ سے 2017 فیڈ کپ میں شرکت کرنے سے معذرت کی۔

2018 آسٹریلین اوپن میں ان کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے انٹری ملی لیکن قانونی جنگ کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت نہیں کی اور جنوری میں ہی اپنے بیٹے کی حوالگی کا کیس جیت لیا۔ انہوں نے 2018 بی این پی پریباس اوپن سے دوبارہ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

وکٹوریا آزارینکابیلا روس کی پہلی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہیں دو بار گرینڈ سلام ٹائٹلز 2012 اور2013 آسٹریلین اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

سیوتانا پرینکووا

بلغاریہ کی سیوتانا پرینکووا تین برس بعد کسی ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ راؤنڈ آف 16میں الیزے کارنیٹ کو ایونٹ سے باہر کرنے کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ ماں بننے کے بعد کس چیز نے ان کو دوبارہ ٹینس کورٹ میں قدم رکھنے پر مجبور کیا تو ان کہنا تھا کہ ’’ماں بننے کا تجربہ سب سے مختلف ہے۔ آپ کی دنیا بدل جاتی ہے جہاں آپ کو خود سے زیادہ اپنے بچے کی فکر اور اس کا خیال رہتا ہے۔ میرے خیال میں یہ بہترین چیز ہے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ’’ماں بننے کے بعد وہ نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی طور پر بھی مضبوط ہوچکی ہیں۔ ‘‘

32سالہ سیوتانا پرینکووا جولائی 2016میں بلغاریہ کے سابق فٹبالر میہیل مرچیو کےسا تھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں اور اپریل 2018 میں ماں کے مرتبے پر فائز ہوئیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام الیگزینڈر رکھا اور اس کی پرورش کیلئے خود کو تین سال تک ٹینس کورٹ سے دور رکھا تاہم انہوں نے2020 مارچ میں ٹینس کی دنیا میں واپس آنے کی نوید سنائی تھی۔

انہوں نے پہلی بار کسی گرینڈ سلام ایونٹ یو ایس اوپن کے کوارٹرفائنلز میں جگہ بنائی بدقسمتی سے اپنا سفر جاری نہ رکھ پائیں۔ سیمی فائنل میں پرینکووا کا مقابلہ سرینا ولیمز سے تھا جہاں وہ تھرڈ سیڈ سرینا کو قابو نہ کرسکیں اور ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔ انہیں پہلے سیٹ میں سرینا کیخلاف 6-4 سے کامیابی ملی تاہم سرینا نے دوسرے سیٹ میں کم بیک کرتے ہوئے پیرنکووا کیخلاف دوسرا سیٹ 6-3 سے جیتا اور عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آخری سیٹ 6-2 سے اپنے نام کیا۔

یوایس اوپن2020 کے سیمی فائنلز میں دو ’’سپرمائیں‘‘ سرینا ولیمز اور وکٹوریا آزارینکا آمنے سامنے ہوئیں۔ وکٹوریا آزارینکا نے سرینا کو پچھاڑ کر تیسری بار فائنل میں پہنچی۔ انہوں نے امریکی کھلاڑی کو سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ توڑنے سے محروم کردیا۔

اپنے بچے کی کسڈی کا کیس جیتنے والی ماں وکٹوریا آزارینکا 31 اگست کو شروع ہونے والےایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میںجاپان کی نوامی اوسکا سے ٹکرائیں گی۔خیال رہے کہ وہ 2012 اور 2013 یو ایس اوپن کی فائنلسٹ بھی رہ چکی ہیں۔

تازہ ترین