• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، موبائل شاپ پر ڈاکوؤں کی بڑی واردات، قیمتی فونز لوٹ کر فرار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل کے قریب موبائل فون کی دکان پر مسلح ڈاکوؤں نے بڑی واردات کر ڈالی، اسلحے کے زور پر قیمتی موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے، وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی کو ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے موبائل فونز کی برآمدگی کے احکامات جاری کردیے۔

پولیس کے مطابق ملزمان موبائل فونز سے بھرا ہوا کارٹن لے گئے، جس کی مالیت 40 سے 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ متاثرہ تاجر کے مطابق لوٹے گئے موبائل فونز کی مجموعی مالیت 90 لاکھ روپے سے زائد ہے اور 40 سے زیادہ موبائل فون چھینے گئے، واردات کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

ڈکیتی کے خلاف علاقے کے تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی، جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ 

صدر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کمیڈا) منہاج گلفام موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی تاجروں سے مذاکرات کے بعد سڑک کھلوا دی۔

صدر کمیڈا منہاج گلفام نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے اور لوٹے گئے موبائل فونز برآمد کرائے۔

دوسری جانب واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی جنوبی کو ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے موبائل فونز کی برآمدگی کے احکامات جاری کردیے۔

قومی خبریں سے مزید