• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں 2 نوجوان شہید، پاکستان کا اظہار مذمت

سری نگر، جموں،اسلام آباد(کے پی آئی،نامہ نگارخصوصی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ،پاکستان نے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشتگردی سے استصواب رائے کے حق کے حصول کے لئے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا،گزشتہ روز بارہمولہ میں سوپور کے علاقے تجر شریف میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران 23سالہ عرفان احمد ڈار کو گرفتار کیا بعد میں اسے دوران حراست ماورائے عدالت شہید کر دیا گیا۔عرفان کی لاش تجر شریف سے ملی ہے ، ایک اور کشمیری نوجوان کوبھارتی فوج نے بارہمولہ ضلع کے علاقے اوڑی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران در انداز قراردے کر شہیدکیا، بھارتی فوج نے بارہمولا،کپواڑہ،بانڈی پورہ،گاندربل،پلوامہ ،شوپیاں،راجوڑی اور سامبا اضلاع کے مختلف علاقوں میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، درجنوں نوجوانوں کو گرفتاربھی کیا۔قابض حکام نے سوپورمیں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ، ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی میجر کمبلے، حوالدار مہندر اور نائیک انیش تھامس گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے ۔کے پی آئی کے مطابق زخمیوں کو فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ نائک انیش تھامس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،پاکستان نےمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 23 سالہ نوجوان دوکاندار پر تشدد اور ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ عرفان احمد ڈار کو گھر سے اٹھایا گیا اور پولیس کی تحویل میں تشدد کے ذریعے قتل کیا گیا، بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون میں درج استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کے لئے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔ عالمی برادری غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا فوری ادراک کرتے ہوئے کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم کے مسلسل ارتکاب پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ بھارت کو پابند بنایا جائے کہ وہ عالمی قانونی ذمہ داریوں پر عمل پیرا ہواور کشمیریوں کے زندہ رہنے کے اولین حق سمیت ان کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن واستحکام کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کے لئے کام کرے۔

تازہ ترین