• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی 70 ویں سالگرہ پر عوام سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا تحفہ مانگ لیا۔

نریندر مودی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ آج کے دن مجھ سے بہت لوگوں نے پوچھا کہ میں اپنے اس خاص دن اُن سے کیا چاہتا ہوں تو میں سب سے کورونا وبا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل چاہتا ہوں۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اپنے تمام خیر خواہوں سے کورونا کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپنی قوت مدافعت بڑھانے کا کہا۔

مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ماسک پہنیں اور سماجی دوری کا خاص خیال رکھتے ہوئے ایک دوسرے سے دو گز کا فاصلہ رکھیں۔

بھارتی وزیر اعظم نے لکھا کہ عوام پرہجوم علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اپنی قوت مدافعت کو بہتر بناتے ہوئے اپنی سرزمین کو صحت مند بنائیں۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یوم پیدائش کے موقع پر ملک اور دنیا بھر میں میرے خیر خواہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، میں ہر خیر خواہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

مودی نے لکھا کہ ’یہ نیک خواہشات مجھے توانائی بخشتی ہیں جو مجھے اپنے پیارے شہریوں کی زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔‘

خیال رہے کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر پیر 14 ستمبر سے تین ہفتوں تک جاری رہنے والے ملک گیر پروگراموں اور تقریبات کا اعلان کیا تھا جو  دو اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

تازہ ترین