بھارتی میڈیا کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی ایک کارٹونک ویڈیو بنائی گئی ہے جس میں وہ اسلحے سے لیس ہیں اور چین کی بنائی گئی سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کا اِن کاؤنٹر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
چین کے سوشل میڈیا پر بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کی بنائی ہوئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس پر چینی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
چینی میڈیا پر نریندرا مودی کی 2 منٹ کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اسلحے سے لیس کسی مِشن پر موجود اہلکار کی طرح نظر آ رہے ہیں اور اپنے سامنے آنے والے ہر نہتے (چینی سوشل میڈیا ایپ) کارٹونک کردار پر فائرنگ کر کے قتل کیے جا رہے ہیں ۔
چینی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے مودی کی اس ویڈیو کو دہشت گردی پھیلانے اور نفرت انگیز جذبات اُبھارنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی انٹر نیٹ صارفین اس ویڈیو پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اس ویڈیو میں دکھایا جا رہا ہے کہ مودی کس طرح سے اپنے سامنے آنے والے نہتے انسانوں کا قتل کر رہے ہیں، چینی انٹر نیٹ صارفین کی جانب سے اس وائرل ویڈیو پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا بھارتی میڈیا دہشت گردانہ مواد کی تشہیر کر رہا ہے ؟
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مودی اسلحے سے لیس ایک جگہ جھلانگ لگاتا ہوا اُترتا ہے اور اُس کے سامنے کئی کارٹونک کردار کھڑے ہیں جنہیں چائینیز سوشل ایپلیکیشن سے تشبیہ دی گئی ہے، مودی کھڑا ہوتا ہے اور سب پر فائرنگ شروع کر دیتا ہے۔
ویڈیو کے آخر میں مودی باقاعدہ پب جی گیم کے ساتھ لڑائی کرتا ہے اور پب جی گیم کو مار گرانے کے بعد اپنے موبائل سے گیم اَن انسٹال (ڈیلیٹ) کر دیتا ہے۔