• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی نابینا گلوکارہ سیرین جہانگیرنے لاکھوں دل جیت لئے

لندن (مرتضٰی علی شاہ) کمسن برٹش پاکستانی نابینا گلوکارہ سیرین جہانگیرنے گزشتہ روز موسیقی کے ایک مقابلے میں اپنے سریلی آواز اور شاندار پرفارمنس کے ذریعہ ہلاکھوں دل جیت لئے۔ سیرین کی بہترین پرفارمنس پر ججوں نے منفرد، جادوئی اورخصوصی کے خطابات سے نوازا۔ سیرین جہانگیر نے اس مقابلے کے سیمی فائنل شو میں شرکا کو مبہوت کرکے رکھ دیا۔ 14سالہ سیرین جہانگیر وزیراعظم عمران خان دیرینہ دوست اور برطانیہ اور یورپ میں تجارت وسرمایہ کاری سے متعلق ان کے ترجمان صاحبزادہ کی پوتی ہیں،  پروگرام کے میزبان اینٹ اورڈیک نے یہ بات نوٹ کی کہ سیرین کی پرفارمنس کے دوران تمام شرکا پر مکمل سکوت چھایا رہا اور شرکا کے ساتھ جج بھی ان کی پرفارمنس سے مبہوت ہوکر رہ گئے اور یہ سکوت ان کے سیمی فائنل کی پرفارمنس کے اختتام پر اس وقت ٹوٹا جب محفل میں شریک ہر شخص سیریناکے ساتھ رو نے لگا، پرفارمنس کے اختتام پر وہ پیانو سے اٹھی اوراس کے والد کفیل جہانگیر اسے اسٹیج کے وسط میں لے کر آئے جہاں ججوں اورشرکا نے کھڑے ہوکر انھیں ان کی یادگار پرفارمنس پر خود داد دی، ان کی ناقابل فراموش پرفارمنس کی برطانیہ کے مقبول شوز کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ججوں نے بھی اس کی پرفارمنس کی تعریف میں کسی بخل سے کام نہیں لیا، ایک جذباتی خاتون امانڈا ہولڈین نے کہا کہ سرین جادوئی ہے، یہ فرشتہ ہے،انتہائی خوبصورت گانا سنایا، میں سمجھتی ہوں کہ تمہارے اندر کوئی منفرد خوبی ہے، میں سمجھتی ہوں کہ تم بہت بلندی پر جائو گی۔ آشلے بینجو نے کہا کہ میجیکل یعنی جادوئی بالکل صحیح لفظ ہے، آپ نے پیانو کے ساتھ جس طرح اپنی آواز ملائی، ایسا بہت کم لوگ کرپاتے ہیں، آپ کی آواز نے مجھے کہیں اور پہنچا دیاتھا اور جب آپ نے اپنی پرفارمنس ختم کی تو محسوس ہوا کہ میں پھر اپنی کرسی پر آگئی ہوں۔ ڈیوڈ ولیم نے کہا کہ سرین میں سمجھتا ہوں کہ آپ کے اندر خصوصی ٹیلنٹ موجود ہے اور آپ کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں ہے،آپ صرف بیٹھ کر پیانو پر گانا شروع کردیں، لاکھوں افراد خود ہی آپ سے جڑ جائیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہاں ہم نے یہی کچھ دیکھا ہے۔ یہ بہت ہی خاص پرفامنس تھی اور آخر میں جب آپ روپڑیں تو میں بھی آپ کیلئے رنجیدہ ہوگیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ خوشی کے آنسو تھے، کیونکہ آپ نے حقیقت میں بہت ہی جاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ الیشا ڈکسن نے اپنے ساتھی ججوں کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جج حضرات جو کچھ کہہ چکے ہیں، اس کے بعد اب میرےپاس مزید کچھ کہنے کو نہیں ہے، میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایسے لمحات تھے جب آپ کی سانس رک گئی تھی اور ایسا ہمیشہ ہر شو میں نہیں ہوتا، اس میں ایمانداری، تقدس اورسنجیدگی ہے، جو خال خال ہی ملتی ہے اور آپ جانتی ہیں کہ آپ کا کام وہاں بیٹھ کر گانا گانا اورہمیں کچھ محسوس کرنے پر مجبور کرنا ہے، ہم سب آپ سے اورآپ کے گانے سے جڑ گئے ہیں، اس پرفارمنس کے ذریعے سیرین نے اولین تین موسیقاروں میجیکل بونز (Magical Bones) اور ڈانس ٹروپ X1Xکریو (dance troupe X1X Crew) میں سب سے اوپر اپنی جگہ بنالی ہے لیکن اب انھیں اکتوبر میں گرانڈ فنالے میں بھی حصہ لینا ہے، 2 ماہ قبل نارتھ لندن میں اپنی رہائش گاہ پر جیو اور جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اپنے لونگ روم میں اپنے بھائیوں کیلئے گانا گاتے ہوئے ان کی زندگی میں اچانک تبدیلی آئی اور وہ لاکھوںافراد کیلئے گانا گانے لگیں اورپوری دنیا میں ان کی پذیرائی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان بھی کئی سال قبل ہائیڈ پارک کے نزدیک ان کے گھر آئے تھے اور انھوں نے ان سے ملاقات کی، بعد میں وہ بصارت سے بالکل ہی محروم ہوگئیں۔ سیرن کی سیمی فائنل میں پرفارمنس کے بعد پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ اب اس بات کا انحصار عوام پر ہے کہ وہ سیرین کو 10 اکتوبر کے فائنل میں شامل کئے جانے کیلئے انھیں ووٹ دیں۔ ججوں نے تو کہہ دیا ہے کہ سیرن میں خصوصی ٹیلنٹ ہے اور وہ سب سے ممتاز ہے۔ جس کسی نے بھی دومرتبہ سیرین کی پرفارمنس دیکھی ہے اس کا یہی کہنا ہے کہ سیرین سپر ٹیلنٹڈ بچی ہے، جس نےلاکھوں دلوں کو ہلاکر رکھ دیا۔ ہزاروں افراد اس کی عزم وہمت کی کہانی سے متاثر ہوئے، ہم اس کی سپورٹ کرنے والے ہر ایک کے شکرگزار ہیں۔ صاحبزادہ جہانگیر نے بتایا کہ پاکستان میں آنکھوں کا مفت علاج کرنے والی ایک چیریٹی نے سیرن سے اکتوبر میں مہمان مقرر بننے کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکولوں میں تعطیلات کے دوران سیرین پاکستان جائے گی اور وہاں معذور بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے دیہات کا دورہ کرے گی۔
تازہ ترین