• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت صرف اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہی گر سکتی ہے، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)مارننگ شو’’ جیو پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مظہرعباس نے کہا کہ حکومت صرف اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہی گر سکتی ہے اپوزیشن کی طرف سے حکومت گرنے کا کوئی خطرہ نظر نہیں آتا،سینئر تجزیہ کار اور اینکر پرسن سلیم صافی نے کہا کہ اے پی سی میں نواز شریف نے جو لہجہ استعمال کیا ہے اس پر حکومتی لوگ زیادہ خوش نظر آتے ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں اس کے نتیجے میں طاقتور حلقے اپوزیشن سے مزید دور ہوجائیں گے، پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پولیو مہم بہت زیادہ متاثر ہوئی تھی،پروگرام میں ڈاکٹر طاہر شمسی اور حافظ حسین احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ سینئر تجزیہ کار اور اینکر پرسن سلیم صافی نے اپوزیشن کے حکومت مخالف اتحاد پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد جن حالات میں معرض وجود میں آیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی کیونکہ یہ اتحاد جس نظام کے خلاف وجود میں آیا ہوا ہے یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک منفرنظام ہے جس کو ہائیبرڈ سسٹم کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کامیابی اور ناکامی کا انحصار اپوزیشن کے اتحاد کے علاوہ حکومت اور اس کے سرپرستوں کے رویے پر بھی ہوگا کیونکہ اگر حکومت اپنے رویے پر نظر ثانی کرلیتی ہے اور انتقام کا کلچر ختم ہوجاتا ہے تو پھر اپوزیشن کا یہ اتحاد خود ہی کمزور ہوسکتا ہے لیکن اگر حکومت اپنے رویے پر نظر ثانی نہیں کرتی تو یہ اتحاد مضبوط ہوگااورتصادم بڑھ جائے گا۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ نواز شریف کی اے پی سی کی تقریر سے بہت اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن کسی کو غدار کہہ دینا کسی صورت بھی مناسب نہیں ، ہم پچھلے 73برسوں سے ایک دوسرے کو غدارکہتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر کا جائزہ لینا چاہئے اور اس میں سیاسی حقائق ، سیاسی اختلافات اور نواز شریف کے کردار کو دیکھنا چاہئے اور اس پر بحث کرنی چاہئے بجائے اس کے یہ کہہ دینا کہ بھارتی میڈیا کیا دکھا رہا ہے ہمیں اس طرح کسی بیانیے کو پروان نہیں چڑھانا چاہئے ماضی میں ہم اس کے نقصانات دیکھ چکے ہیں۔ پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد نے ملک میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کووڈکی وجہ سے جو گیپ آیا ہے اس کی وجہ سے پولیو کے کنٹرول میں آتے ہوئے کیسز اب دوبارہ بڑھنے لگے ہیں۔ ویکسین سے پولیو کے پھیلاؤ پر نوشین حامد نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے لئے جو ویکسین دی جاتی ہے وہ چونکہ ایک کمزور قسم کی ویکسین ہوتی ہے تو اس کی وجہ سے ہمیں کچھ عرصے سے ویکسین سے پولیو کے کیسز نظر آرہے ہیں۔

تازہ ترین