وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں عمران خان کے جامع خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عاصم باجوہ نے لکھا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے جامع خطاب کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’عمران خان کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے بہترین خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے، وزیراعظم نے حقیقی معنوں میں پاکستان کی ترجمانی کی۔‘
چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں کشمیر، فلسطین اور علاقائی امن پر دو ٹوک موقف پیش کیا اور عوام کو غربت سے نکالنے کا عہد کیا۔
عاصم باجوہ نے یہ بھی لکھا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی مہم جوئی کی صورت بھارت کوسنگین نتائج کا انتباہ کیا۔‘
چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے یہ بھی لکھا کہ وزیراعظم کی تقریرمیں سراہنے کیلئے بہت کچھ تھا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں سالانہ اجلاس سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ بھارت غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر مقبوضہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور خلاف ورزیوں کے باوجود ضبط کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نہیں ہوسکتا