وٹامن ای ناصرف جِلد کو خُوب صُورت، تر و تازہ اور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ بڑھتی عُمر کے اثرات روکنے میں بھی کمال کی تاثیر رکھتا ہے۔
اگر ہم وٹامن ای سے بھرپور غذائی اجزاء کی بات کریں تو وٹامن ای بادام، پالک، سورج مُکھی کے بیج، مونگ پھلی، بلیو بیری اور سبز پتّوں والی سبزیوں میں پایا جاتا ہے اور اگر ہم جِلد کی گوری رنگت کے حوالے سے متعلق کریں تو جِلد کی خوبصورتی کے لیے تیار کردہ مصنوعات میں وٹامن ای لازمی عنصر کی حیثیت رکھتا ہے۔
عام طور پر بازاروں میں کئی ایسی کریمز اور فیس ماسکس دستیاب ہوتے ہیں جن میں وٹامن ای خاص طور پر شامل کیا جاتا ہے تاکہ ان کے استعمال سے چہرہ کِھلا کِھلا اور نِکھرا نِکھرا نظر آئے لیکن آج ہم آپ کو اُن قدرتی اجزاء سے فیس ماسک تیار کرنا سیکھائیں گے جن میں قدرتی طور پر وٹامن ای موجود ہوتا ہے اور جن کے استعمال سے ہر کوئی آپ کے چہرے کی تازگی و شادابی دیکھتا رہ جائے گا۔
شاداب چہرے کے لیے وٹامن ای سے بھرپور ماسک:
پپیتے اور وٹامن ای کا ماسک بنانے کا طریقہ:
ایک پیالے میں دو چائے کے چمچ پپیتے کا گُودا اور وٹامن ای کا ایک کیپسول اچھی طرح مِکس کرلیں۔ پھر برش کی مدد سے آنکھوں کا حصّہ چھوڑ کر پورے چہرے پر 30 منٹ کے لیے لگائیں۔
بعد ازاں، ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ ہفتے میں ایک بار یہ ماسک لگانے سے جہاں چہرے پر نِکھار آئے گا تو وہیں پانی کی کمی سے ہونے والے اثرات بھی کنٹرول ہوں گے۔
لیموں اور وٹامن ای کا ماسک بنانے کے طریقہ:
دو عدد لیموں کا رس نکالیں، پھر اس میں وٹامن ای کا کیپسول شامل کرکے پیسٹ بنالیں۔ یہ ماسک چہرے کی جِلد کے مردہ خلیات ختم اور کُھلے مسام بند کرنے کے لیے اکسیر ہے۔
انڈے اور وٹامن ای کا ماسک بنانے کا طریقہ:
انڈے کا ماسک ہر طرح کی جِلد کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اگر اس میں وٹامن ای بھی شامل کرلیا جائے تو اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس ماسک کو تیار کرنے کے لیےایک پیالی میں اگر جِلد خشک ہو، تو انڈے کی صرف زردی جبکہ چِکنی جِلد کے لیے سفیدی الگ کرکے اس میں وٹامن ای شامل کرکے پھینٹ لیں۔ پھر برش کی مدد سے چہرے پر اچھی طرح لیپ کریں اور 20 منٹ بعد نیم گرم پانی میں کاٹن پیڈ بھگو کر چہرے سے ماسک اُتار لیں۔