• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اپنا ذہنی توازن کھوچکے ہیں، مراد سعید


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نواز شریف ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔

ایک بیان میں مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ کے پارلیمنٹیرینز ایک ایک کر کے اب نوازشریف سے کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں، اس لیے نواز شریف ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔

نواز شریف کی تقریر پر وفاقی وزراء کا رد عمل

مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر پر وفاقی وزراء نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ کارکنان ان کی تحریک کے لیے باہر نکلیں۔ فوج کے حلف کی بات کرنیوالے نواز شریف کبھی اپنا حلف بھی یاد کرلیں۔

فواد چودھری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان لوگوں کو بھی غلطی کا اندازہ ہوگیا ہوگا جنہوں نے نواز شریف کو باہر بھجوایا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کل ملکہ جذبات بنے ہوئے ہیں، جبکہ انقلاب کی جو قسم نواز شریف لاناچاہتے ہیں، ایساانقلاب دنیا نے دیکھا ہی نہیں ہے، وہ چاہتے ہیں کارکنان ان کی تحریک کے لیے باہر نکلیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف نے ہمارا آدھا گھنٹہ ضائع کیا، نوازشریف نے اتنا بڑا مذاق کیا کہ ہم نے ڈالر کو 100 روپے کے اندر رکھا، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ 33 ارب روپے اس کے لیے خرچ ہوئے۔

نواز شریف نے خود کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا، یہ جو تقاریر ہورہی ہیں، ملک سے بدلہ لیا جارہا ہے، ملک کے خلاف تقریر کرنے والوں نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، اس بات کاجواب دیں کہ ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کے پیسے کہاں سے آئے، جبکہ آپ نے ہر سوال کا جواب دیا ہے، سوائے اس کےجو پوچھا جارہا تھا۔

تازہ ترین