• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی آرٹس کونسل میں ’تھیٹر فیسٹیول 2020 ‘ کا شاندار افتتاح

آج کل کے دور میں جہاں ہر کوئی ٹی وی، موبائل اور گھر تک محدود ہو گیا ہے ایسے میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سب کو ایک چھت تلے جمع کرنے کی کاوش قابل تحسین ہے۔

آرٹ پوری دنیا میں سب سے بڑا ہتھیار ہےجس کے فروغ کے لیے کراچی آرٹس کونسل کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت سردار علی شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں’کراچی تھیٹر فیسٹیول‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تھیٹر فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کی تھیٹر اکیڈمی کے پہلے سیمیسٹر کے طلباء نے زبردست نکڑ ناٹک پیش کیا ہے،ان کی محنت اور لگن کو دیکھتے ہوئے حوصلہ افزائی کے طور پر دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیر ثقافت نے مزید کہا کہ شہری روز روز ایک جیسی خبریں دیکھ کر تھک چکے ہیں ہمیں ایک نئے دور کی شروعات کرنی چاہیے،۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان میں تھیٹر کی روایت پنپ نہیں سکی اسی لیے عوامی تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد کیا۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کراچی تھیٹر فیسٹیول کا آغاز کیا جا رہا ہے، فیسٹیول یکم اکتوبر سے اٹھارہ اکتوبر تک کراچی آرٹس کونسل میں جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کی تھیٹر اکیڈمی کے فنکار روزانہ کی بنیاد پر نکڑ ناٹک پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام چھ مہینے گھروں تک محدود رہے ہیں،ہم انہیں خوشیوں سے محروم نہیں کر سکتے۔

احمد شاہ نے مزید کہا کہ عوام کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ایس او پیز کا بھر پور خیال رکھا جا رہا ہے۔

اس موقع پر آرٹس کونسل کہ تھیٹر اکیڈمی کے ڈائریکٹر میثم نقوی نے کہا کہ کراچی تھیٹر فیسٹیول میں بائیس ڈرامے جبکہ دو نکڑ ناٹک پیش کیے جائیں گے۔

آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کی انسٹرکٹر آفرین نے کہا کہ نکڑ ناٹک تھیٹر کی سب سے قدیم روایت ہے جسے سماج کی اصلاح کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

فیسٹیول کا افتتاح آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کے طلباء کے نکڑ ناٹک’سفر‘سے کیا گیا جبکہ بعد ازاں ہدایت کار زین احمد کا ڈراما ’ہیر‘ پیش کیا گیا۔فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کرو نا کے پیش نظر تمام ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

تازہ ترین