کراچی (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ایل این جی ٹرمینل سے متعلق علی زیدی کا بیان سفید جھوٹ کا پلندہ ہے۔اپنے ردِعمل میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ بندرگاہوں کا وزیر ایل این جی ٹرمینل کے بارے میں بیان کیوں دے رہا ہے؟یہ ذمے داری تو وزیرِ پیٹرولیم کی ہے، مجھ پر ذاتی حملے کی وجہ حال ہی میں علی زیدی کے بارے میں میرا بیان بنا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت 2 سال میں ایک ایل این جی ٹرمینل نہیں لگا سکی، اس کے نتیجے میں ملک تاریخی گیس بحران کا شکار ہے جو مزید بدتر ہو گا۔علی زیدی کا دعوی کہ ہمارے لگائے گئے ٹرمینلز دنیا میںانتہائی مہنگے ہیں، بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے، علی زیدی نے جھوٹ بولا کہ اینگرو ایل این جی ٹرمینل کے اخراجات 66 سینٹ، دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔اس وقت بھی دیگر ٹرمینلز کے موازنے کے لحاظ سے یہ دنیا کا سستا ترین ٹرمینل تھا، اگلے سال ایل این جی کے ہر ماہ 6 کارگو آنے لگے، تو یہ دنیا میں سستا ترین ٹرمینل بن گیا۔