• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، طالبان حملے کے دوران ملٹری ہیلی کاپٹرز ٹکرا کر تباہ، 9 فوجی ہلاک

کابل(اے ایف پی /جنگ نیوز )افغانستان میں طالبان کے ایک حملے کے دوران افغان فوج کے دو ایم آئی 17ہیلی کاپٹرز گر کر تباہ ہوگئے،افغان حکام نے اس واقعے کو تکنیکی خرابی قرار دیا ہے۔ادھر لشکر گاہ سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرگئےجبکہ طالبان کی جانب سے مسلسل 3 روز سے جاری لڑائی کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے طالبان جنگجوؤں کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ اس پورے عمل سے افغان مذاکرات بھی ماند پڑتے نظر آرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق افغان فوج کے دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرانے سے تباہ ہو گئے۔ حکام نے ان پر سوار نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلمند کے جنوب میں ہیلی کاپٹرز کے ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ہلمند کے صوبائی حکام نے کہا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹرز روسی ساختہ ایم آئی – 17 تھے۔ ہیلی کاپٹرز تباہ ہونے کا واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ضلع نوا میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق جس وقت ہیلی کاپٹرز ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا، اس وقت ضلع نوا میں طالبان کا حملہ بھی جاری تھا۔افغان وزارتِ دفاع نے ہیلی کاپٹرز تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو تیکنیکی خرابی قرار دیا ہے۔

تازہ ترین