• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پاکستان کا خالق صوبہ ہے،سید مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ نے پاکستان کی قرارداد سب سے پہلے پاس کی تھی، اس لیے سندھ پاکستان کا خالق صوبہ ہے۔

سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک بیان صوبہ سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے، تاریخی طور پر یہ پرامن صوبہ ہے، جب 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت آئی تو لوگ قافلوں میں سفر کرتے تھے، لوگ دن دھاڑےاغوا ہو جاتے تھے اور امن امان کی صورتحال خطرناک حد تک خراب تھی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں نوگو ایریاز قائم تھیں، سندھ حکومت نے اپنی کوششوں سے نہ صرف دیہی علاقوں بلکہ شہری علاقوں میں امن بحال کیا، 2014 میں کراچی دنیا کا چھٹا خطرناک شہروں میں شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت کراچی 103 نمبر پر ہے، یہ ہمارے عزم کا نتیجہ ہے، قدرتی وسائل کے حساب سے سندھ امیر صوبہ ہے، ملک کی 70 فیصد گیس ریزرو سندھ میں ہے، تھر کول پورے ملک کی توانائی کا مسئلہ حل کرنے کا ضامن ہے، ہم نے بڑی مخالفت کے باوجود تھر کول سے بجلی بنا کر دکھائی۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے تھر کول مائننگ میں 80 فیصد مقامی لوگوں کو روزگار دیا، اسلام کوٹ جہاں سے کوئلہ ملتا ہے وہاں 100 یونٹ تک بجلی مفت ہے۔

اُن کا تھر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ تھر جو غریب ضلع تھا اب وہ خوشحال ضلعوں میں شامل ہے، تھر میں زراعت پر بھی نئے تجربات کیے گئے ہیں، نمکین پانی پر زراعت ہورہی ہے اور نمکین پانی میں مچھلی کی افزائش بھی کی جا رہی ہے جبکہ ماڈل ولیج کی تھر میں بنیاد ڈالی گئی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر واحد ضلع ہے جہاں ماڈل ولیجز میں پانی، بجلی، اسکول، پارک، صحت مرکز موجود ہیں، سندھ حکومت نے صحت کے حوالے سے اہم اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کو دنیا کا بہتریں ادارہ بنایا ہے، این آئی سی وی ڈی کے 10 سیٹیلائیٹ صوبے بھر میں قائم کیے ہیں اور جے پی ایم سی میں کینسر کے علاج کے لیے سائبر نائف سینٹر قائم کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گمبٹ میں جگر کی پیوندکاری کا بہترین مرکز قائم کیا ہے اور تعلیم کے شعبے میں آئی بی اے سکھر ایک دیہی علاقے میں بہتریں ادارہ ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہری ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اب دریائے سندھ پر کشمور، گھوٹکی پُل قائم کر ہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے دریائے سندھ ہر تین پُل بنائے ہیں، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) یونٹ سندھ کا پورے ایشیا میں بہترین یونٹ ہے اور پی پی پی یونٹ کے تحت صوبے بھر میں بڑے بڑے منصوبے جاری ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں میں تھر کول مائننگ، حیدرآباد، میرپورخاص روڈ، جھرک، ملان کاتیار پُل، صحت سہولیات، تعلیمی ادارے اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ہم نےکوویڈ 19خلاف بھرپور اقدامات اٹھائے، ان اقدامات کے نتائج میں آج کوویڈ19 کے اثرات کم ہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جس نے کوویڈ19 کے پیش نظر کراچی میں انفیکشن ڈزیزز اسپتال قائم کیا۔

تازہ ترین